کولکتہ 3 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سارے ملک میں آسمان کو چھوتی پیاز کی قیمتیں امکان ہے کہ کولکتہ میں مزید بڑھ جائیں گی ۔ تاجروں کا اندیشہ ہے کہ شہر میں یہ قیمتیں 150 روپئے فی کیلو ہوسکتی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ شہر کے بیشتر بڑے شہروں میں پیاز 120 تا 130 روپئے فی کیلو فروخت کی جا رہی ہیں۔ امکان ہے کہ کولکتہ میں یہ قیمتیں مزید بڑھتے ہوئے 150 روپئے فی کیلو تک پہونچ جائیں گی ۔ زرعی تجزیہ نگار سیبو ملاکر نے کہا کہ ناسک میں سب سے زیادہ قیمت درج کی جا رہی ہے جہاں 135 روپئے فی کیلو پیاز فروخت ہو رہی ہے ۔ ایک تاجر کا کہنا ہے کہ جنوری تک پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہی ہوگا جب ناسک اور بنگلورو میں نئی فصل مارکٹ میں آئیگی تب قیمتوں میں کمی ہوسکتی ہے ۔ مغربی بنگال میں حکومت قیمتوں پر قابو پانے پیاز کی فروخت کے اقدامات کر رہی ہے اور رعایتی قیمتوں پر 59 روپئے فی کیلو پیاز سوفل بنگلہ اسٹورس اور موبائیل ویانس کے ذریعہ فروخت کی گئی ہے ۔