بلدی انتخابات میں 5 کارپوریشن اور 90 میونسپلٹیز پر کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا
حیدرآباد ۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نہیں بلکہ وہ ہی تلنگانہ کے بابائے قوم ہیں۔ آج نلگنڈہ میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کا تلنگانہ کی تحریک میں رول ہے مگر وہ بابائے تلنگانہ نہیں بلکہ تلنگانہ کیلئے زندگیاں قربان کرنے والے بابائے قوم ہیں۔ انہوں نے سونیا گاندھی کو تلنگانہ کی دیوتا قرار دیا اور کہا کہ اگر کے سی آر بابائے قوم ہیں تو وہ بھی بابائے قوم ہیں۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی خاطر انہوں نے اپنی خود کی کانگریس پارٹی کو تحریک کے دوران آنکھیں دکھائی تھی۔ وزارت سے استعفیٰ دیا تھا۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی کا تلنگانہ سے وجود ہی ختم ہوگیا۔ کے سی آر کی قیادت میں بی آر ایس پارٹی اپنے آپ کو منوانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ گرام پنچایت کے انتخابات میں عوام نے ایک بار پھر بی آر ایس کو فراموش کردیا تھا۔ بلدی انتخابات میں بھی بی آر ایس کا وہی حشر ہوگا اور اسی طرح نتائج دہرائے جائیں گے ۔ آئندہ اسمبلی انتخابات تک تلنگانہ میں بی آر ایس ختم ہوجائیں گی۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی 9 میونسپل کارپوریشن اور 90 سے زائد میونسپلٹیز پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ نلگنڈہ کارپوریشن پر کانگریس کا جھنڈا لہرایا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ اسمبلی حلقہ نلگنڈہ میں ابھی تک ایک ہزار غریب عوام کیلئے مکانات تعمیر کئے گئے ہیں۔ درخواست دیتے ہی اندراماں مکانات منظور کئے جارہے ہیں۔ کانگریس حکومت نے تلنگانہ کے عوام کو راشن شاپ سے باریک چاول تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اس کی مثال ملک بھر میں کہیں نہیں ملتی۔ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کر رہی ہے جس سے اصل اپوزیشن بی آر ایس اور بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ حکومت کو بدنام کرنے کیلئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ریاست کے عوام کانگریس کے دو سالہ دور حکومت سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ گرام پنچایت کے نتائج اس کا ثبوت ہے۔ بلدی انتخابات میں بھی یہی نتائج دہرائے جائیں گے ۔2