جے پور:راجستھان میں سچن پائلٹ نے ایک بار پھر اپنی ہی حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ پائلٹ نے 11 اپریل کو جے پور میں شہداء کی یادگار پر بدعنوانی کے خلاف بھوک پڑتال کی ۔ وہ وسندھرا راجے کے دور میں ہوئے گھوٹالوں کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے موجودہ وزیر اعلی اشوک گہلوت حکومت کے خلاف بھوک ہڑتال( انشن )پر بیٹھے تھے۔ اب راجستھان کے سی ایم نے سچن پائلٹ کے انشن پر اپنا ردعمل دیا ہے۔ پائلٹ کے انشن کے بارے میں پوچھے جانے پر گہلوت نے کہا کہ کون کیا کر رہا ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔عوامی احتجاج کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر سچن پائلٹ مبینہ طور پر آج پارٹی قیادت سے ملاقات کرنے دہلی جا رہے ہیں۔ تاہم، پائلٹ کی پارٹی کے سینئر رہنما سے ملاقات کے امکان کا تعین ہونا باقی ہے۔ ساتھ ہی پارٹی ذرائع نے پائلٹ کی کانگریس قیادت سے ملاقات کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے۔دراصل، منگل کو سچن پائلٹ کے انشن کے بعد کانگریس نے سخت وارننگ دی ہے۔ پارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ ان کی جانب سے ایسا کوئی بھی قدم اب پارٹی مخالف سرگرمی تصور کیا جائے گا۔