کونسل میں ٹی آر ایس رکن نے کے ٹی آر کی ستائش کی

   

حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کونسل میں ٹی آر ایس کے رکن جے وینکنا نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی غیر معمولی ستائش کرتے ہوئے دیگر ارکان کو ان کی تائید پر مجبور کردیا۔ وقفہ سوالات کے دوران ٹی آر ایس رکن جی وینکنا نے فنکاروں اور آرٹسٹوں کو پنشن کی فراہمی کے مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کے ٹی آر سے توقع وابستہ کی کہ وہ اس معاملہ میں وہ مثبت قدم اٹھائیں گے۔ وینکنا نے کہا کہ کل کے ٹی آر کی تقریر کی سماعت کے بعد مجھے کافی خوشی ہوئی ہے۔ ہارورڈ، آکسفورڈ اور جے این یو یونیورسٹیز کے دانشور جس طرح بات کرتے ہیں کے ٹی آر نے اسی طرح اظہار خیال کیا۔ وینکنا نے کہا کہ کے ٹی آر کی تقریر تلنگانہ عوام کی ترقی کے ویژن کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے فنکار اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ حکومت سے پُرامید ہیں۔ تلنگانہ تحریک میں فنکاروں نے اہم رول ادا کیا تھا۔ چیف منسٹر کے سی آر ریاست کی ترقی کے ساتھ ساتھ ریاست کی تہذیبی روایتوں کے تحفظ کے خواہاں ہیں۔ 500 سے زائد فنکاروں کو روزگار کی فراہمی میں تلنگانہ نے ملک میں مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کے ٹی آر سے اپیل کی کہ وہ فنکاروں اور کلچرل شعبہ سے وابستہ افراد کی بھلائی پر توجہ دیں۔ ر