کونسل و کارپوریشن کے انتخابات کیلئے ٹی آر ایس کی حکمت عملی

   


متحدہ ورنگل ضلع کے قائدین کا پرگتی بھون میں اجلاس، کے ٹی آر نے کیا انتخابی حکمت عملی پر غور

حیدرآباد : ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر گریجویٹ حلقہ کونسل انتخابات اور گریٹر ورنگل میونسپل انتخابات میں ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کیلئے سخت محنت کرنے کی پارٹی قائدین کو ہدایت دی۔ کے ٹی آر نے پرگتی بھون میں متحدہ ضلع ورنگل کے پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ اس اجلاس میں وزراء ای دیاکر راؤ، ستیاوتی راٹھور پارٹی کے ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ مختلف کارپوریشنس کے صدورنشین، سابق ارکان پارلیمنٹ، سابق ارکان اسمبلی پارٹی کے سکریٹریز کے علاوہ دوسرے اہم قائدین نے شرکت کی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گریجویٹ حلقہ ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ اور گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے کبھی بھی انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں۔ ان دونوں انتخابات میں پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کیلئے پارٹی کے تمام قائدین آپسی اتحاد اور ایک دوسرے سے تعاون و اشتراک کرتے ہوئے کام کریں۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کے ٹی آر نے متحدہ ضلع ورنگل کا اسمبلی سطح پر پارٹی کی طاقت کا جائزہ لیا ہے۔ مقامی حالت کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ پارٹی کی جانب سے جو سروے کرایا گیا اس سے پارٹی قائدین کو واقف کراتے ہوئے اس کی مناسبت سے منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ گریجویٹ حلقہ ووٹرس کی لسٹ پارٹی قائدین کو حوالے کی۔ کونسل انتخابات کی بغیر کسی تاخیر کے کام شروع کرنے پر زور دیا۔ دیہی علاقوں میں اجلاس منعقد کرنے گریجویٹ ووٹرس سے ملاقات کرنے کا مشورہ دیا۔ ٹی آر ایس حکومت کے فلاحی و ترقیاتی کاموں کی بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے ٹی آر ایس پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی تردید اور تنقیدوں کا منہ توڑ جواب دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ گریجویٹ حلقہ کونسل کے انتخابات کا فبروری کے پہلے ہفتہ میں انتخابی اعلامیہ جاری ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس کے بعد گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں۔ سوشل میڈیا میں ہونے والی جھوٹی تشہیر پر گہری نظر اور ٹی آر ایس سوشیل میڈیا آرمی کی خدمات کا بھرپور استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔