کونڈا سریکھا کابینہ میں غیر حاضر

   

سرکاری گاڑی اور سیکوریٹی کے بغیر ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کا مسئلہ سنسنی خیز بن گیا ہے۔ کونڈا سریکھا کابینی اجلاس میں شریک نہیں ہوئیں۔ تاہم اس سے قبل انہوں نے اپنی دختر سشمیتا کے ساتھ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ان کے گھر پر پیش آئے واقعہ اور ان کے او ایس ڈی سمنت کو ہٹادینے کے معاملہ میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ریاستی وزیر نے بغیر کسی سیکوریٹی کے سرکاری قافلہ میں پرجا بھون جانے کے بجائے ذاتی گاڑی میں پہنچ کر ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ یہ بات سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی۔ کونڈا سریکھا کے کابینی اجلاس میں شرکت نہ کرنے سیکوریٹی اور سرکاری گاڑی استعمال نہ کرنے پر بھی سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔ ملاقات کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا یا کونڈا سریکھا نے میڈیا سے بات نہیں کی اور نہ ملاقات پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ بتایا جارہا ہے کہ کونڈا سریکھا کے رویہ سے ہائی کمان سخت ناراض ہے اور ان سے بات کرنے کی ذمہ داری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن کو سونپی گئی ہے۔ بتایا گیا کہ دونوں کی ملاقات ہوگی۔2