کونڈا سریکھا کی حالیہ تنازعہ پر چیف منسٹر سے وضاحت

   

دختر کی الزام تراشی پر اظہار افسوس، متنازعہ بیانات سے گریز کی ہدایت

حیدرآباد 21 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیر جنگلات کونڈہ سریکھا کے بعض وزراء سے اختلافات کے پس منظر میں پیدا شدہ تنازعہ کی آخرکار یکسوئی ہوچکی ہے۔ میڈارم جاترا کے ٹنڈرس کے معاملہ میں وزیر مال پی سرینواس ریڈی کی مداخلت پر کونڈہ سریکھا نے ناراضگی جتائی تھی اِس کے علاوہ کونڈہ سریکھا کے سابق او ایس ڈی کی جانب سے سمنٹ کمپنیوں کو رقومات ادا کرنے کی دھمکیوں کا معاملہ بھی تنازعہ کا شکار بن گیا۔ کونڈہ سریکھا کے افراد خاندان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور بعض دیگر وزراء کو نشانہ بنایا اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی کونڈہ سریکھا کو ہراساں کرنے کی شکایت کی۔ اِس معاملہ میں ہائی کمان نے کونڈہ سریکھا کی سرزنش کی کیونکہ اُنھوں نے ریاستی کابینہ کے اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔ مہیش کمار گوڑ اور بھٹی وکرامارکا نے مصالحتی کوششوں کے تحت کل رات کونڈہ سریکھا اور اُن کے شوہر کونڈہ مرلی کو ساتھ لیجاکر چیف منسٹر سے ملاقات کرائی جہاں انہوں نے بعض وزراء کی جانب سے اُن کیخلاف مہم کی شکایت کی۔ سمنٹ کمپنیوں سے رقومات کی وصولی کے الزامات کو بھی غلط بتایا۔ مہیش کمار گوڑ نے وضاحت کی کہ تال میل کی کمی سے غلط فہمیاں پیدا ہوئی تھیں جنھیں دور کردیا گیا ہے۔ دونوں نے دختر کی الزام تراشی پرافسوس کا اظہار کیا۔اس طرح تنازعہ کی یکسوئی ہوگئی۔
بتایا جاتا ہے کہ کونڈہ سریکھا نے مستقبل میں کسی بھی غلط فہمی کے سلسلہ میں راست طور پر چیف منسٹر سے رجوع ہونے سے اتفاق کیا۔ اِس ملاقات کے ذریعہ مہیش کمار گوڑ اور بھٹی وکرامارکا نے کونڈہ سریکھا تنازعہ کا حل تلاش کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔1