بندلفافہ کے ساتھ مانکیم ٹیگور دہلی روانہ۔ جلد اعلان متوقع
حیدرآباد ۔ 21 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس نے حضورآباد کے مجوزہ قیمتی انتخابات کیلئے سابق وزیرکنڈہ سریکھا کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ الیکشن کمیٹی صدرنشین دامودھر راج نرسمہا نے ضلع کریم نگر اور حضورآباد حلقہ کے کے علاوہ ریاست کے اہم قائدین سے مشاورت کے بعد تین ناموں کی فہرست صدر پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی کو پیش کردی ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ بندلفافہ میں دامودھر راج نرسمہا نے ایس سی۔ بی سی اور ریڈی طبقہ کے تین ناموں کو پیش کیا ہے جس میں کنڈہ سریکھا کا نام بھی شامل ہے۔ بیشتر قائدین نے سابق وزیر کونڈہ سریکھا کو امیدوار بنانے سے اتفاق کیا ہے اور رضامندی ظاہر کی ہے۔ ورنگل سے تعلق رکھنے والی کنڈہ سریکھا اور ان کے شوہر کونڈہ مرلی کا حضورآباد میں اچھا اثر و رسوخ ہے اور عوام سے ان کے تعلقات بھی ہیں۔ اے آئی سی سی تلنگانہ کے انچارج مانکیم ٹیگور بھی اس مسئلہ پر پارٹی کے سینئر قائدین سے تبادلہ خیال کرچکے ہیں اور ناموں کی فہرست کے ساتھ دہلی روانہ ہوگئے ہیں جہاں سونیا گاندھی کی منظوری کے بعد ایک دو دن میں سرکاری طور پر کونڈہ سریکھا کے نام کا اعلان ہونے کا قوی امکان ہے۔ N
