نظام آباد میں ٹاسک فورس کمیٹی کی جانب سے خانگی دواخانوں کی تنقیح، بے قاعدگی اور من مانی فیس وصولی کی نشاندہی
نظام آباد ۔ کوویڈ کے علاج کے نام پر دھاندلیاں کرنے والے خانگی دواخانہ کے انتظامیہ کیخلاف کارروائی کیلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں، واضح رہے کہ نظام آباد میں ریمیڈیسیور انجکشن کی من مانی قیمتوں پر فروختگی اور دھاندلی پر ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے ٹاسک فورس کمیٹی اور خصوصی طور پر اسپیشل آفیسر کو مقرر کیا تھا یہ کمیٹی اور اسپیشل آفیسر س نے دو دنوں کے دوران 50 دواخانوں کی تنقیح کرتے ہوئے دھاندلیوں کی نشاندہی کی تھی اور ضلع کلکٹر کو جامع رپورٹ پیش کی ہے ۔ ایک کمیٹی کے عہدیدار خانگی دواخانوں کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کوویڈ کے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں سے بات چیت کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی تھی اور دواخانہ سے ڈسچارج کے بعد گھر چلے جانے والے مریضوں کے فون نمبرس حاصل کرتے ہوئے ان سے وصول کردہ فیس کی تفصیلات اور ریمیڈیسیور انجکشن کے قیمت کی وصولی کے بارے میں تفصیلات بھی حاصل کی ہے خانگی دواخانوں کی تنقیح کے دوران عہدیداروں نے کوویڈ کے مریضوں کو ہونے والی پریشانیاں اور ریمیڈیسیور انجکشن 20تا 30 ہزار روپئے اور ایک مریض سے ہر دن 60 ہزار روپئے فیس وصول کئے جانے کی تفصیلات کا بھی انکشاف ہوا ۔ خلیل واڑی میں واقع ایک خانگی دواخانہ کی تنقیح کے دوران 12 ریمیڈیسیور انجکشن کی تفصیلات رجسٹر میں درج نہ کرنے پر کوویڈ کے مریضوں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ان سے تفصیلات حاصل کی گئی ۔ حیدرآباد روڈ پر واقع ان دواخانوں میں ریمیڈیسیور انجکشن 20تا 30 ہزار روپئے میں فروخت کرنے کا متاثرہ مریض نے انکشاف کیا ۔ راجیو گاندھی آڈیٹیوریم کے قریب بغیر آکسیجن کے زائد فیس وصول کرنے اور کوویڈ کے مریضوں کو سماجی دوری برقرار کھنے کے بجائے قریب قریب رکھ کر علاج کرنے اور سادہ پیپر پر بل دینے کے معاملہ کے انکشاف پر ضلع کلکٹر نے سخت نوٹ لیتے ہوئے فوری دواخانہ کے انتظامیہ کیخلاف کارروائی کیلئے نوٹس جاری کرنے کی کمیٹی کے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ضلع میں جاری دھاندلیوں کیخلاف سخت ترین اقدامات کرنے کی ضلع کلکٹر نے ڈی ایم اینڈ ایچ او احکامات جاری کیا ہے ۔ اور ضلع کلکٹر کی ہدایت پر محکمہ صحت عامہ کے عہدیدار دھاندلیوں میں ملوث دواخانوں کیخلاف کارروائی کئے جانے کے امکانات ظاہر ہورہے ہیں ۔ عہدیداروں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ خانگی دواخانہ اور سرکاری دواخانوں میں کام کرنے والے چند ملازمین کی دھاندلی کے باعث ریمیڈیسیور انجکشن بلاک مارکٹنگ ہوئی ہے ۔
