نئی دہلی : مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کر کچھ میڈیکل آلات ، ادویات اور کورونا سے متعلق دیگر چیزوں پر لگنے والی کسٹم ڈیوٹی اور جی ایس ٹی میں چھوٹ کی مانگ کی تھی ، جس پر وزیر خزانہ نرملا سیتا رامن نے اب جواب دیا ہے۔ وزیر خزانہ نے اشیاء کی فہرست جاری کرکے بتایا ہیکہ کورونا سے متعلق ان اشیاء کو 3 مئی کو ہی جی ایس ٹی کے دائرہ سے باہر کردیا گیا تھا جبکہ ان پر کسٹم ڈیوٹی ، ہیلتھ سیس بھی معاف کیا جاچکا ہے۔ممتا بنرجی کے خط کے جواب میں نرملا سیتا رامن نے ٹویٹ کے ذریعہ ایک فہرست جاری کرکے ان اشیاء کی فہرست شیئر کی ہے ، جن کے درآمد پر 3 مئی سے آئی جی ایس ٹی میں چھوٹ دی گئی تھی۔ سیتارامن نے لکھا کہ کورونا راحت اشیا سے آئی جی ایس ٹی سمیت کسٹم ڈیوٹی سے راحت دی گئی ہے ، جو کہ انڈین ریڈ کراس نے درآمدکیا ہے ، جس کو ملک میں مفت تقسیم کیا جائے گا۔وزیر خزانہ نے لکھا کہ ریمیڈیسیور انجکشن ، ریمیڈیسیور اے پی آئی اور اس دوا کو بنانے میں استعمال ہونے والی اشیا کو 3مئی 2021 سے فوری اثر سے سبھی ڈیوٹیز سے مستثنیٰ کردیا گیا تھا۔