حیدرآباد: کوویڈ19سے گذشتہ ایک برس کے دوران غیر معمولی اموات ہوئی ہیں۔اپنے رشتہ داروں سے محرومی کے درد میں مبتلا افراد کو ان کی آخری رسومات انجام دینے میں ہورہی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے حیدرآباد کی تنظیم یوتھ فار ویلفیر کی جانب سے کوویڈ سے مرنے والوں کی آخری رسومات یاتدفین کا کام انجام دیا جارہا ہے ۔اس تنظیم نے اب تک تقریبا1800افراد کی آخری رسومات یا تدفین کا کام کیا ہے ۔اس تنظیم کے بانی صدر سید جلال الدین ظفر نے کہا کہ کوویڈ کے دوران روایتی آخری رسومات یا پھر تدفین کا کام ممکن نہیں ہے اسی لئے یہ قدم اٹھایاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اپریل سے اس کا آغاز کیاگیا ہے اور مہلوکین کے خاندان کی روایات کے مطابق یہ کام کیاجارہا ہے ۔اس تنظیم کے والنٹرس ذیشان نے یہ بات بتائی۔انہوں نے کہاکہ جب کبھی اس سلسلہ میں تنظیم سے کوئی خواہش کی جاتی ہے تو وہ اس مقام پر جاتے ہیں اور میت کو ایمبولنس میں ڈال کر آخری رسومات یا پھر تدفین کے لئے لے جاتے ہیں۔