کوویڈ صورتحال پر چوکس رہنے تحصیلداروں کو ہدایت

   

Ferty9 Clinic

محبوب نگر میں کلکٹر وینکٹ راؤ کی ٹیلی کانفرنس، مختلف نکات پر بات چیت

محبوب نگر : ضلع کے تمام منڈل ہیڈکوارٹرس پر کوویڈ کیر سنٹرس کے آغاز کے لئے متعلقہ تحصیلدار تیار رہیں۔ ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ نے ہفتہ کی شام اپنے کیمپ آفس میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ تحصیلداروں کے ساتھ کئی ایک نکات پر بات کرتے ہوئے یہ ہدایت بھی دی۔ انھوں نے کہاکہ دھرانی پورٹل میں اراضی کے معاملات کا اگرچہ کوئی مسئلہ نہیں لیکن تحصیلدار چوکس رہیں۔ انھوں نے سختی سے پابند کیاکہ دھرانی پورٹل میں وی آر اوز کو دخل دینے کا موقع نہ دیا جائے۔ ضلع میں تاحال بالا نگر، دیور کدرہ، کوئل کنڈہ میں 20 اپریل کو کوویڈ کیر سنٹر کا آغاز کردیا گیا ہے لیکن 15 مئی تک کوویڈ کیسیس میں مزید اضافے کے اندیشوں کے تحت ماباقی منڈلوں میں کم از کم 50 بیڈس والے کوویڈ کیر مراکز کے قیام کیلئے تیار رہیں۔ ابھی جو کوویڈ سنٹرس چلائے جارہے ہیں وہاں 24 گھنٹے خدمات مہیا کریں۔ اسپیشل ٹاسک فورس تشکیل دیتے ہوئے دیہی عوام میں کوویڈ کے نقصانات کے تعلق سے شعور بیداری مہم کا اہتمام کیا جائے۔ انھوں نے تحصیلداروں سے کہاکہ کوویڈ ٹسٹ اور ویکسینیشن کی وہ خود راست نگرانی کریں۔ نئے قائم شدہ منڈل محمد آباد میں منڈل کامپلکس میں تمام دفاتر کے قیام کے لئے انھوں نے ایڈیشنل کلکٹر کو ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر نے مزید بتایا کہ ریتی منتقل کرنے والی لاریوں کو ٹی ایس ایم آئی ڈی سی کا اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ ریتی کی غیر مجاز منتقلی پر سخت کارروائی کا انھوں نے انتباہ دیا۔ مڈچل تحصیلدار اور ایس آئی سے کہاکہ ندی سے غیر مجاز ریتی کی منتقلی کی شکایت آرہی ہے، فوری اقدامات کئے جائیں۔ دھان خریدی مراکز کے ضلع میں 190 کے منجملہ 118 کا آغاز عمل میں آچکا ہے۔ ایڈیشنل کلکٹر سیتا راما راؤ نے واقف کروایا۔