محبوب نگر میں امن کمیٹی اجلاس کا انعقاد، ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو کا خطاب
محبوب نگر : محبوب نگر میں کوویڈ کے روز بروز بڑھتے کیسیس تشویشناک ہیں۔ اگر ہم نے احتیاط برتی اور قواعد کو ملحوظ رکھا تو کوویڈ سے محفوظ رہ سکتے ہیں اور لاک ڈاؤن سے بھی بچا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایس پی محبوب نگر آر وینکٹیشورلو نے ضلع ہیڈکوارٹر پر امن کمیٹی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں شہر کی نمائندہ شخصیات موجود تھیں۔ انھوں نے کہاکہ ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ، ہجوم سے دوری اس مہلک مرض سے بچاؤ کے لئے ضروری ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ پولیس تمام مذاہب کے ماننے والوں کو یکساں دیکھتی ہے، تعصب نہیں برتتی۔ کیوں کہ لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کے لئے ایسا کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انھوں نے محبوب نگر کے عوام کی ستائش کی کہ وہ اُخوت اور بھائی چارگی کی مثال ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ مستقبل میں بھی اس سے زیادہ اُخوت کا مظاہرہ کیا جائے۔ ڈی ایس پی سریدھر نے کارروائی چلائی۔ ایس پی (اڈمنسٹریشن) این وینکٹیشورلو نے بھی کوویڈ سے حفاظت کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ عبدالہادی ایڈوکیٹ نے کہاکہ مساجد میں ماسک اور سماجی فاصلہ کی پابندی کی جارہی ہے۔ انھوں نے افطار سے قبل پولیس چیکنگ میں نرمی پیدا کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر قاضی غوث محی الدین قادری، مولانا محسن پاشاہ قادری، محمد رفیق احمد قادری، سید سعادت اللہ حسینی کونسلر، بابر شیخ، محسن خان، مرزا قدوس بیگ، سراج اللہ بیگ، راشد خان کونسلر، شیخ سراج الدین، محمد ابراہیم کے علاوہ دیگر مذاہب کے قائدین نے بھی مخاطب کیا۔ سوم نارائن سنگھ سرکل انسپکٹر ٹو ٹاؤن نے شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں خالد نوید، محمد عبدالرفیع ذکی، راشد سجاد، سجو پہلوان و دیگر قائدین کے علاوہ پولیس عہدیدار موجود تھے۔