کوویڈ قواعد کے پیش نظر اہم درگاہوں کے عرس کی محدود تقاریب کا فیصلہ

   

ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے مقدمات کا جائزہ، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا اجلاس
حیدرآباد۔/19 جنوری،( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے اہم درگاہوں کے عرس کے موقع پر کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی اور کہا کہ کورونا کیسس میں اضافہ کے پیش نظر حکومت نے مذہبی مقامات پر جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے آج عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ اور درگاہ حضرت جان پاک شہید ؒ کے عرس تقاریب کے انتظامات پر بات چیت کی۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کی عرس تقاریب کا کل جمعرات سے آغاز ہورہا ہے اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کو روانہ کیا گیا جو انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ کورونا کے پیش نظر زائرین کو عرس تقاریب میں شرکت کی اجازت نہیں رہے گی۔ انہوں نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ عرس تقاریب میں شرکت سے گریز کریں۔ محمد سلیم نے گٹلہ بیگم پیٹ اور مامڑ پلی کی اوقافی اراضیات سے متعلق ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں جاری مقدمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے لیگل سیکشن کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دونوں اراضیات کے سلسلہ میں وکلاء کو مکمل دستاویزی مواد فراہم کریں۔ انہوں نے دیگر مقدمات کے سلسلہ میں بروقت کاونٹرس داخل کرنے کی ہدایت دی۔ محمد سلیم نے اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی اور آمدنی میں اضافہ کیلئے عہدیداروں کو ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس ٹیم کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے جائیدادوں کا تحفظ کریں۔ انہوں نے اوقافی جائیدادوں کے کرایہ جات کی وصولی میں دلچسپی لیتے ہوئے وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ر