صرف کانگریس پر پابندی، نائب صدر جی نرنجن کا الزام
حیدرآباد۔/11جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ کوویڈ قواعد صرف کانگریس پارٹی کیلئے نافذ ہیں جبکہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کو جلسوں کی اجازت دی جارہی ہے۔ پردیش کانگریس کے نائب صدر جی نرنجن نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 20 جنوری تک ریالیوں اور جلسوں پر پابندی عائد کردی جس کے تحت کانگریس پارٹی کو ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کی اجازت نہیں دی گئی۔ کسانوں سے ملاقات کیلئے رچہ بنڈہ پروگرام میں شرکت سے روکنے کیلئے ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کو گرفتار کیا گیا۔ نرنجن نے کہا کہ کوویڈ پابندیاں ٹی آر ایس اور بی جے پی کیلئے نہیں ہیں۔ دونوں پارٹیاں ملی بھگت کے ذریعہ کانگریس کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر دونوں پارٹیوں نے سازش تیار کی ہے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے رعیتو بندھو کے نام پر ریاست بھر میں جلسے منعقد کئے جارہے ہیں جبکہ اضلاع میں بی جے پی کے جلسے بھی جاری ہیں۔ نرنجن نے تلنگانہ میں خودکشی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستانی سماج کی روایت ہے کہ مرنے والوں کے پسماندگان کو پرسہ دیا جاتا ہے لیکن ٹی آر ایس حکومت میں خودکشی کرنے والے افراد کے پسماندگان کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی خودکشی کرنے والے خاندان کے پسماندگان سے وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کو ملاقات کرنی چاہیئے تھی۔ اس کے علاوہ ایک خاتون ٹیچر سرسوتی نے خودکشی کی لیکن ٹی آر ایس کے کسی وزیر کو پرسہ دینے کی توفیق نہیں ہوئی۔ر