کوویڈ ۔19 کا پہلا ویکسین تلنگانہ میں ہوگا، گورنر کو توقع

,

   

عہدہ کے ایک سال کی تکمیل پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ میڈیا سے خطاب

حیدرآباد۔ گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے اس توقع کا اظہار کیا کہ کوویڈ19 کا پہلا ویکسین تلنگانہ میں تیار ہوگا۔ بحیثیت گورنر ایک سال کی تکمیل پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے اس امید کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس کیلئے ویکسین کی چھ ماہ یا ایک سال میں تیاری کی توقع کی جارہی ہے۔ بعض ادارے ویکسین کی تیاری کیلئے پہلے ہی سے کام کررہے ہیں اور اس ضمن میں وہ تیزی سے کامیاب بھی ہورہے ہیں۔ مریضو ں پر اس کی آزمائش کے بعد وہ محفوظ ہوگا اور اس کے لئے بعض پروٹوکولس بھی طئے کئے جائیں گے۔ گورنر نے کہا کہ ہمیں اس معاملہ میں جلد بازی سے کام نہیں لینا چاہیئے کیونکہ یہ ایک عام وائرس نہیں ہے۔ یہ وائرس مختلف طریقوں سے تبدیل اور اثر انداز بھی ہورہا ہے۔ سوندرا راجن نے بتایا کہ ان کا مقصد ہمیشہ عوام کے ساتھ رابطہ میں رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تاملناڈو کی دختر اور تلنگانہ کی بہن ہیں۔ گورنر نے کہا کہ تلنگانہ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو اولین ترجیح دی جانی چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کے مفادات میں پیش کی گئی تجاویز پر حکومت نے غور کیا ہے۔ مختلف آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کے علاوہ حکومت عوامی مفاد کیلئے کئی اسکیمات پر کام کررہی ہے۔