۔52 نئے کیسیس مریضوں کی تعداد 644 ، گریٹر حیدرآباد سب سے زیادہ متاثر، 17 کنٹینمنٹ زونس کا قیام
حیدرآباد 14 اپریل (پی ٹی آئی) تلنگانہ میں کورونا وائرس سے منگل کو مزید ایک مریض فوت ہوگیا اور دیگر 52 کے معائنے مثبت پائے گئے جس کے ساتھ ہی ان کی مجموعی تعداد 644 تک پہونچ گئی۔ ریاست میں کورونا وائرس سے فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18 تک پہونچ چکی ہے۔ اس وباء سے متاثرہ 644 کے منجملہ 110 افراد صحتیاب ہونے کے بعد دواخانوں سے ڈسچارج کردیئے گئے ہیں۔ دیگر 516 کا علاج جاری ہے۔ کوویڈ ۔ 19 کے بارے میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ طبی بلیٹن کے بموجب گریٹر حیدرآباد (جی ایچ ایم سی) بدترین متاثرہ علاقہ ہے جہاں سب سے زیادہ 249 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع نظام آباد دوسرے مقام پر جہاں 136 افراد متاثر ہیں۔ جی ایچ ایم سی حدود میں سب سے زیادہ کیسیس کے انکشاف کے بعد حیدرآباد پر غیر معمولی توجہ مرکوز کی گئی ہے اور کنٹینمنٹ زونس قائم کئے گئے ہیں۔ وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ریاستی انتظامیہ نے تلنگانہ بھر میں 221 کنٹینمنٹ زونس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران پڑوسی ریاست آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کے ایک گروپ کو پولیس نے روک لیا جو پیادہ پاؤں چلتے ہوئے اپنے پیدائشی ضلع سریکاکلم روانہ ہونا چاہتے تھے۔ پولیس نے اُنھیں روکنے کے بعد گاڑیوں کے ذریعہ حیدرآباد میں ان کے گھروں کو دوبارہ واپس بھیج دیا۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ اور وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کی پابندی کے احکام کی سختی سے پابندی کریں۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ سخت ترین کنٹینمنٹ زونس کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی کے ساتھ پیش آئیں۔ راما راؤ اور راجندر نے متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں سے تفصیلی بات چیت کی اور شہر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ حیدرآباد میں واقع سائنسی ادارہ سنٹر فار سلیولر اور مالیکیولر بائیولوجی کو کورونا وائرس معائنوں کے کٹس کی جانچ اور توثیق کے مجاز ادارہ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ شہر کے ادارہ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ لیباریٹری (ڈی آر ڈی ایل) نے ایک کوویڈ ۔ 19 معائنوں کے لئے نمونے جمع کرنے کا عبوری کاؤنٹر تیار کیا ہے جو بعد میں کسی انسانی مدد کے بغیر ازخود مکمل طور پر صاف اور جراثیم سے پاک ہوسکتا ہے۔ یہ کاؤنٹر ہیلت کیر ورکرس کی طرف سے استعمال کیا جاسکتا ہے جہاں متاثرہ مریضوں کے معائنوں کے لئے نمونے جمع کئے جاتے ہیں۔
