سماجی تحفظ کیلئے ویکسین ہر طرح سے محفوظ، کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار
حیدرآباد : کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے کہا کہ کوویڈ۔19 ویکسین کے تعلق سے عوام غلط فہمی کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے ہر شہری کو اپنے اور اپنے سماج کے تحفظ کیلئے ویکسین کے استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے آج ایک بیان میں بتایا کہ عوام میں کورونا کے قہر کے متعلق شعور بیدار ہوا ہے اور ایک صحتمند سماج کیلئے یہ ایک خوش آئند بات ہے۔ تاہم ساتھ ہی ویکسین کا استعمال بھی ہونا چاہئے اور ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کے تحت ویکسین لینا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ ویکسین ہر طرح سے محفوظ ہے جو ایک ڈھال کا کام کرے گا۔ تاہم اس سے متعلق شکوک و شبہات کو ترک کردیں اور بے بنیاد اطلاعات اور افواہوں پر توجہ نہ دینے کی کمشنر پولیس نے عوام سے اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن پر سختی کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے اور بغیر ای پاس دوسری ریاستوں کو روانگی کی اجازت نہیں رہے گی اور نہ ہی کوویڈ۔19 کے تعلق سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی کو برداشت کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاط اور چوکسی اختیار کریں۔