رقم جمع کرنے اے ٹی ایم پہنچنے والا شخص زخمی، علاقہ میں سنسنی، پولیس ڈاکوؤں کو تلاش کرنے میں مصروف
حیدرآباد ۔ 31 جنوری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے کوٹھی علاقہ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ نامعلوم افراد نے ایک شخص پر فائرنگ کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 6 لاکھ روپئے لوٹ لئے اور باآسانی فرار اختیار کرلی۔ فائرنگ میں زخمی شخص کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ایک گولی اس شخص کے پیر میں لگی۔ زخمی کی شناخت رنشاد کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ نامپلی علاقہ کا ساکن اور کیرالا کا متوطن بتایا گیا ہے۔ رنشاد ملبوسات کا کاروبار کرتا ہے جو آج صبح رقم جمع کرنے کیلئے کوٹھی پہنچا۔ فائرنگ کا واقعہ صبح 6 تا 7 بجے کے درمیان پیش آیا۔ نامعلوم افراد کی نقل و حرکت اور فائرنگ مقامی سی سی ٹی وی کیمروں میں قید کرلی گئی جو وائرل ہوچکی ہے۔ نامعلوم ڈاکوؤں نے رنشاد پر حملہ کرنے کے بعد اس کی ایکٹیوا گاڑی لیکر فرار ہوگئے۔ اطلاع کے بعد پولیس کے اعلیٰ عہدیدار مقام واردات پہنچے اور کلوز ٹیم کو طلب کرلیا گیا اس مقام پر جہاں رنشاد رقم جمع کرنے پہنچا تھا۔ اس پر دو راونڈ فائرنگ کی اطلاع پائی جاتی ہے۔ پولیس اور کلوز ٹیم دوسری گولی کو تلاش کررہے ہیں جو رنشاد پر فائر کی گئی لیکن اس کو نہیں لگی۔ سمجھا جارہا ہیکہ ڈاکو رنشاد کا تعاقب کررہے تھے اور اس مصروف ترین علاقہ میں حسب معمول روزمرہ کے حالات برقرار تھے۔ شہری اپنی زندگی مصروفیت میں مصروف اور کئی شہری چہل قدمی میں مصروف تھے۔ اس واقعہ کے بعد مقامی سطح پر خوف و دہشت پیدا ہوگئی۔ کوٹھی واقعہ کے بعد شہر بھر میں پولیس نے چوکسی اختیار کرلی اور گاڑیوں کی تلاشی شروع کردی۔ جگہ جگہ ناکہ بندی کردی گئی جس کے سبب صبح کے مصروف ترین اوقات میں عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق موقع واردات سے فرار ہونے والے ڈاکو کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن پہنچے اور وہاں رنشاد کی گاڑی کو چھوڑ دیا اور پھر ریلوے اسٹیشن سے باہر نکلے۔ ایک مقام پر کپڑے تبدیل کئے تاکہ پولیس کی توجہ ہٹائی جاسکے اور پھر اس کے بعد آٹو کو استعمال کیا گیا۔ پولیس مسلسل ان ڈاکوؤں کی سرگرمیوں کا تعاقب کررہی ہے۔ اطلاع کے بعد ڈی سی پی شلپاویلی مقام واردات پہنچی اور بتایا کہ مقام واردات سے شواہد جمع کرلئے گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے 5 ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے اور انہیں بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ع