کانگریس پارٹی کا مطالبہ، گاندھی بھون میں ریونت ریڈی نے پرچم کشائی انجام دی
حیدرآباد۔17 ۔ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے گاندھی بھون میں سقوط حیدرآباد کی تقریب منعقد کی جس میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک کو آزادی 15 اگست 1947 ء کو حاصل ہوئی تھی جبکہ تلنگانہ کو آزادی 17 ستمبر 1948 ء کو ملی ہے ۔ یہ دن تلنگانہ کی انڈین یونین میں شمولیت کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر 17 ستمبر تقاریب سرکاری طور پر منائی جائیں گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 17 ستمبر کے نام پر بعض سیاسی جماعتیں مذہبی جذبات مشتعل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کو 17 ستمبر منانے میں سنجیدگی ہو تو اس مسئلہ پر پارلیمنٹ میں مباحث کا اہتمام کریں اور کانگریس پارٹی تائید کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 1937 ء سے 1947 ء تک رضاکاروں کے خلاف مسلح جدوجہد کی گئی جس کے بعد نظام حیدرآباد نے انڈین یونین میں انضمام سے اتفاق کیا ۔ تلنگانہ کانگریس مانیٹرنگ گروپ کی جانب سے کوٹھی میں واقع یادگار شہیداں پر تقریب منعقد کی گئی ۔ 1857 ء کے شہیدوںکی یاد میں وہاں یادگار موجود ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، سابق صدر وی ہنمنت راؤ ، نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن اور دیگر قائدین نے شہیدوں کی یادگار پر پھول نچھاور کئے ۔ اس موقع پر کوٹھی میٹرو ریل اسٹیشن کا نام طرہ باز خاں میٹرو اسٹیشن رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ ریونت ریڈی نے حیدرآباد اسٹیٹ کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے مجاہدین کو خراج پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا اس وقت کوئی وجود نہیں تھا ، جب نظام کی حکمرانی کے خلاف جدوجہد کی جارہی تھی ۔ کانگریس اور کمیونسٹ جماعتوں نے جدوجہد میں اہم رول ادا کیا تھا۔ کانگریس قائدین نے کہاکہ مہاراشٹرا اور کرناٹک میں 17 ستمبر سرکاری طور پر منایا جاتا ہے لہذا تلنگانہ ٹی آر ایس حکومت کو بھی سرکاری طور پر منانا چاہئے ۔ کانگریس مانیٹرنگ کمیٹی کے صدر جی نرنجن نے شہیدان تلنگانہ کی یاد میں تعمیر کردہ اشوک مینار کی تاریخ بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ 17 جولائی کو طرہ باز خاں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ کوٹھی میں برٹش ریسیڈنسی پر حملہ کیا تھا۔ 22 جولائی 1857 ء کو طرہ باز خاں گرفتار ہوئے اور انہیں عمر قید کی سزا دی گئی ۔ 18 جنوری 1859 ء کو وہ جیل سے فرار ہوگئے اور 24 جنوری کو توپران کے جنگلاتی علاقوں میں ان کا انکاؤنٹر کردیا گیا۔ نرنجن نے کوٹھی میٹرو ریل اسٹیشن کا نام طرہ باز خاں اسٹیشن رکھنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر کانگریس قائدین ایس چندر شیکھر ، ایم کودنڈا ریڈی ، کملاکر راؤ ، جی کنہیا لال ، راجیش کمار ، راجندر راجو اور دوسرے موجود تھے ۔ R