کوکا پیٹ میں اراضی کے ہراج کو حکومت کی منظوری

   

حیدرآباد۔/22 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے شہر کے مضافاتی علاقہ کوکا پیٹ میں اراضی کے آکشن کی اجازت دے دی ہے۔ سروے نمبرات 239 اور 240 کے تحت سرکاری اراضیات کی نشاندہی کی گئی جسے حکومت کے ایجنٹ کے طور پر ایچ ایم ڈی اے آکشن کرے گا۔ حکومت نے ہراج کے ذریعہ اراضی خریدنے والے اداروں کا رجسٹریشن کرنے کیلئے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اراضی کے ہراج کے سلسلہ میں ایچ ایم ڈی اے کو ضروری ہدایات جاری کی۔ آئی ٹی کاریڈار میں کوکا پیٹ سرکاری اراضی کی خریدی کے سلسلہ میں جولائی میں آن لائن ہراج میں رئیل اسٹیٹ تاجرین نے غیر معمولی دلچسپی دکھائی تھی۔ پہلے مرحلہ میں اراضی کی فروخت سے حکومت کو حوصلہ ملا ہے۔ آن لائن ہراج کے ذریعہ 50 ایکر اراضی پر محیط 8 پلاٹس فروخت کئے گئے۔ ان کیلئے 60 سے زائد بولی دہندگان نے شرکت کی۔ ایک ایکر کی قیمت 25 کروڑ مقرر کی گئی تھی لیکن بولی دہندگان نے ایک دوسرے پر سبقت لے جاتے ہوئے اراضی کو خریدا۔ فی ایکر 31.2 کروڑ تک فروخت ہوئی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں فی ایکر اراضی کی قیمت 40 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ ایچ ایم ڈی اے کو ہراج سے 2000 کروڑ کی آمدنی ہوئی۔ حیدرآباد میں یہ اب تک کی سب سے مہنگی خریدی تھی۔ کوکا پیٹ میں 58 منزلہ عمارتوں کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے۔ ایچ ایم ڈی اے نے جس اراضی کو ڈیولپ کیا ہے اسے ہراج کے ذریعہ فروخت کرنے کی حکومت نے اجازت دی ہے۔ توقع ہے کہ پہلے مرحلہ سے زیادہ اس مرتبہ ایچ ایم ڈی اے کو آمدنی حاصل ہوگی۔ر