حیدرآباد ۔2ستمبر ( سیاست نیوز) کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ میں سافٹ ویر انجنیئرستیش کے قتل کی تحقیقات اہم موڑ پر پہنچ گئی ہے ۔ تاہم قاتل کی نشاندہی کرنے والی پولیس تاحال قتل کی وجوہات کا پتہ نہ چلاسکی اور اس کیس میں ستیش کی بیوی نے ناجائز تعلقات کی وجہ کو ماننے سے یکسر انکار کردیا اور کہاکہ کیس کے رُخ کوموڑنے کی خاطر بے بنیاد الزامات اس کے شوہر پر عائد کئے جارہے ہیں ۔ ستیش کی بیوی پرشانتی نے درخواست کی ہے کہ شوہر کے موبائیل کال ڈاٹا کی جانچ کی جائے ۔ پولیس کا ماننا ہے کہ ستیش کے قتل کی وجہ ایک لڑکی ہوسکتی ہے ۔ پولیس نے لڑکی کی شناخت پرینکا کی حیثیت سے کرلی ہے ۔ قتل سے ایک دن قبل کے ویڈیو فوٹیج کو پولیس نے حاصل کرلیا جس میں ستیش نے پرینکا کو اس کے ہاسپٹل پر ڈراپ کیا اور اپنی بیوی کو اطلاع دی کہ وہ اپنے ساتھی ہیمنت کے گھر جارہا ہے ۔ پولس کیلئے یہ سوال اہم بن گیا ہے کہ ستیش پرینکا کو ہاسپٹل چھوڑنے کے بعد آخر کہاں گیا تھا ۔ ستیش نے ایک آئی ٹی کمپنی قائم کی تھی جس میں ہیمنت پارٹنر ہے ۔ تاہم پرشانتی کا کہنا ہے کہ یہ قتل رقمی لین دین کی خاطر کیا گیا ۔ پولیس کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔