کوہستانی علاقہ میں بھٹکنے والے سوڈانی شہری کو بچا لیا گیا

   

ریاض : سعودی عرب کے کوہستانی علاقے میں راستہ بھول جانے والے سوڈانی شہری تک امدادی ٹیم کی رسائی ایسے وقت میں ہوئی جب وہ زندگی کی امید کھو چکا تھا۔تفصیلات کے مطابق سوڈانی شہری ریاض کمشنری کے شہر الخاصر کے کوہستانی علاقے میں راستہ بھٹک گیا تھا۔ وہ امدادی ٹیم کو ایک درخت کے نیچے پڑا ہوا ملا۔ سوڈانی شہری شدید گرمی اور جان لیوا پیاس کے باعث زندگی کی امید کھو چکا تھا۔ جب امدادی ٹیم کے ایک ممبر نے اس کے چہرے اور سینے پر پانی چھڑکا تو اس سے ہوش آیا۔امدادی ٹیم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سوڈانی شہری کی تلاش کے لیے ہیش ٹیگ جاری کیا تھا۔ اس کے 24 گھنٹے بعد ان تک رسائی ہوئی۔ہیش ٹیگ کے ذریعے صارفین سے مدد کی اپیل کی گئی تھی۔ طائف، مکہ، مدینہ، ابہا، خمیس مشیط، نجران، جیزان، الھفوف میں سوڈانی شہری کی تلاش کے حوالے سے ہیش ٹیگ بنائے گئے۔