کوہلی اور روہت کی وکٹ عامرکی ہیں:اسدعمر

   

کراچی ۔6 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویراٹ کوہلی اور روہت شرما ورلڈکپ کے دوران ایک مرتبہ پھر تمہارا شکار ہوں۔ سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عالم اسلام کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تمام مسلمانوں کو عید مبارک ہو، اللہ تعالیٰ سب کی رمضان کی عبادت قبول کرے اور پاکستان کرکٹ ٹیم سے خصوصی درخواست ہے کہ اس خوشی کے ماحول کو کم سے کم چند دن ایسا ہی رہنے دیں۔ اسد عمر کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ جی سر بالکل، انشااللہ ہم پوری کوشش کریں گے، آپ لوگ بھی ایسے کام کرنا کہ پورا پاکستان ہمیشہ خوش رہے۔ محمد عامر کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ بڑے کھلاڑی بڑے اسٹیج پر مظاہرہ کرتے ہیں، انشااللہ تم ایک مرتبہ پھراس ٹورنمنٹ میں اپنا معیار ثابت کروگے، جیسے کہ کہا جاتا ہے کہ فارم میں ہونا عارضی جب کہ معیار میں ہونا مستقل اور پائیدار ہوتا ہے اور ہندوستان کے ساتھ میچ میں کوہلی اورروہت شرما کی وکٹیں تمہاری ہیں۔