کوہلی فائنل میں رسائی تک جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کے خواہاں

   

ویلنگٹن ۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں کی ٹسٹ سیریز سے قبل ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی نے آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے تمام ایوینٹس میں اعلی مقام قرار دیا۔واضح رہے کہ ہندوستان نے اب تک ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں کھیلے گئے اپنے سات میچوں میں سے ہر میچ شاندار طریقے سے جیتا ہے اور اس وقت ہندوستانی کرکٹ ٹیم 360 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ ٹیبل میں پہلے مقام پر قابض ہے۔کوہلی کو امید ہے کہ ہندوستان جیت کے اس شاندار سلسلے کو برقرار رکھے گا اور اگلے سال لارڈز میں کھیلے جانے والے فائنل میں جگہ بنا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ٹسٹ چمپئن شپ بطور آئی سی سی ٹورنمنٹ برقراررکھا جانا چاہئے۔ جبکہ باقی تمام ٹورنمنٹ کا نمبر انکے مطابق اس ٹسٹ چمپئن شپ کے بعد شروع ہوں گے۔ یہ ان سب میں سب سے بڑا مقابلہ بننے والا ہے۔ ہر ٹیم فائنل میں جگہ بنانا چاہتی ہے، اس معاملے میں میں ہماری خواہش بھی مختلف نہیں ہے ہم اس امرکو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہم جتنی جلدی ہوسکے لارڈز میں منعقد ہونے والے فائنل مقابلے کے لئے کوالیفائی کرلیں اور امید ہے کہ فائنل کے انعقاد تک جیت کی اپنی بھوک کو بھی برقرار رکھیں۔31 سالہ ہندوستانی کپتان کوہلی نے یہ بھی کہا کہ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ نے ٹسٹ میچوں کی اس روایتی شکل کے برعکس پوائنٹس کے ساتھ زیادہ دلچسپ بنادیا ہے۔