دبئی، 14 جنوری (آئی اے این ایس) ہندوستانی اسٹار ویراٹ کوہلی نے مردوں کی تازہ ترین ونڈے درجہ بندی میں اپنے ساتھی کھلاڑی روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوبارہ پہلا مقام حاصل کر لیا، جبکہ روہت شرما تنزلی کے بعد تیسرے مقام پر چلے گئے۔ یہ تبدیلی ہندوستان کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ونڈے میں چار وکٹوں سے کامیابی کے بعد سامنے آئی۔ کوہلی نے 91 گیندوں پر 93 رنزکی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف حاصل کرنے میں مدد دی، جس کے نتیجے میں وہ ہندوستانی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کے مزید قریب پہنچ گئے اور مردوں کی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے مقام پر آگئے۔ وہ آسٹریلیا میں کھیلی گئی 50 اوورزکی سیریز کے بعد سے بہترین فارم میں ہیں اور اپنے آخری پانچ میچوں میں 74 ناٹ آؤٹ، 135، 102، 65 ناٹ آؤٹ اور 93 رنز بنا چکے ہیں۔37 سالہ تجربہ کار کوہلی جولائی 2021 کے بعد پہلی بار بیٹنگ درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کیا، جب ان کی کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے وادودرا میں نیوزی لینڈ کے 300 رنزکے ہدف کوکامیابی سے حاصل کیا۔کوہلی پہلی بار اکتوبر 2013 میں سرفہرست مقام پر پہنچے تھے، اور یہ ان کا گیارھواں موقع ہے جب وہ پہلے مقام پر فائز ہوئے ہیں۔ اب تک وہ مجموعی طور پر 825 دن اس مقام پر برقرار رہ چکے ہیں، جو مجموعی طور پر دسویں طویل ترین مدت اور کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی کے لیے سب سے طویل اعزاز ہے۔ نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر ڈیرل مچل نے بھی ونڈے درجہ بندی میں ترقی حاصل کی، جب انہوں نے پہلے ونڈے میں71 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگزکھیلی۔ وہ اپنی اب تک کی بلند ترین ریٹنگ تک پہنچ گئے ہیں اورکوہلی سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے اس کھلاڑی کی فارم متاثرکن رہی ہے،کیونکہ وہ اپنے آخری پانچ ونڈے میچوں میں تین نصف سنچریاں اور ویسٹ انڈیزکے خلاف ایک سنچری اسکورکرچکے ہیں۔مچل کے ساتھی کھلاڑی ڈیون کانوے نے بھی تین درجے ترقی پاکر 29 واں مقام حاصل کر لیا، کیونکہ وہ مسلسل رنز بنانے کا سلسلہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ونڈے بولرز کی تازہ ترین درجہ بندی میں محمد سراج کی عمدہ کارکردگی نے انہیں پانچ درجے ترقی دے کر 15ویں مقام تک پہنچا دیا، جہاں وہ بنگلہ دیش کے مہدی حسن مرزاکے ساتھ مشترکہ طور پر موجود ہیں۔ فاسٹ بولرکائل جیمیسن نے بھی فائدہ اٹھایا، جنہوں نے ہندوستان کے خلاف اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کے بعد وہ 27 درجے ترقی کر کے 69ویں مقام پر پہنچ گئے، جہاں وہ ہندوستانی بولر ارشدیپ سنگھ کے ساتھ مشترکہ طور پر شامل ہیں۔