کوہلی نے سنچری سے سچن کا ریکارڈ توڑدیا

   

رائے پور، 3 ڈسمبر (ایجنسیز) ہندوستانی اسٹار بیٹر ویراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف رواں ونڈے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری بنائی۔ رانچی میں پہلے ونڈے میں سنچری بنانے کے بعد کوہلی نے رائے پور ونڈے میں بھی سنچری بنائی۔ ونڈے سیریز کے دوسرے میچ میں کوہلی نے پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد دوبارہ کریز پر قدم رکھا اور ایک بار پھر اپنے خاص انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور اپنی سنچری مکمل کی۔ اس کے ساتھ ہی کوہلی نے ایک ہی مقام پر سب سے زیادہ ونڈے سنچریاں بنانے کا سچن تنڈولکر کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ رائے پور کے شہید ویر نارائن سنگھ اسٹیڈیم میں سیریزکے دوسرے ونڈے میں ٹیم انڈیا کو پہلے بیٹنگ کیلئے مدعو کیا گیا تاہم اس بار روہت شرما جلد آؤٹ ہو گئے جبکہ یشسوی جیسوال بھی مختصر قیام کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ نتیجتاً، سب کی نظریں ایک بار پھر کوہلی پر تھیں جنہوں نے پچھلے میچ میں اپنی 52ویں سنچری بنائی تھی۔ کوہلی نے 38ویں اوور کی آخری گیند پر ایک رن لیا اور سیدھا ہوا میں چھلانگ لگا دی۔ ہمیشہ کی طر ح اپنی منگنی کی انگوٹھی نکالی، اسے بوسہ دیا، اور آسمان کی طرف دیکھ کر اوشکر ادا کرتے ہوئے اپنی 53ویں ونڈے سنچری منائی۔ کوہلی اس بار اپنی سنچری کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کر سکے، 93 گیندوں پر 102 رنز بنا کر انہوں نے کچھ اہم سنگ میل حاصل کر لیے۔