دوبئی ۔ 26 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی جنھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں ناقص مظاہرہ کیا ہے جس کا خمیازہ انھیں آئی سی سی کی ٹسٹ درجہ بندی میں پہلا مقام گنواکر چُکانا پڑا ہے ۔ کوہلی جنھوں نے پہلے ٹسٹ میں صرف 21 رنز اسکور کئے اور ویلنگٹن میں منعقدہ اس ٹسٹ مقابلے میں ہندوستان کو دس وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ کوہلی جو اس وقت 906 نشانات کے ساتھ پہلے کی بجائے دوسرے مقام پر پہونچ چکے ہیں ۔ کوہلی کا پہلا مقام گنوانا آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کے لئے سودمند ثابت ہوا ہے اور وہ آٹھویں مرتبہ اب پہلے مقام پر فائز ہوچکے ہیں جیسا کہ جون 2015 ء میں اسمتھ پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں پہلے مقام پر پہونچے تھے ۔ کوہلی اور اسمتھ کے علاوہ آخری مرتبہ پہلے مقام پر پہنچنے والے کھلاڑی نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ہیں جنھوں نے ڈسمبر 2015 ء میں صرف آٹھ دنوں کیلئے پہلے مقام پر پہونچے تھے ۔ علاوہ ازیں ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا رہانے جنھوں نے پہلے ٹسٹ میں 75 رنز اسکور کئے ہیں جس کی بدولت وہ ایک مقام کی ترقی کی ہے جبکہ مینک اگروال کیرئیر میں پہلی مرتبہ دسویں مقام پر پہونچے ہیں جنھوں نے پہلے ٹسٹ میں 92 رنز اسکور کئے ہیں جس میں دوسری اننگز کی نصف سنچری بھی شامل ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کے ایک اور اہم کھلاڑی چتیشور پجارا جنھوں نے دونوں اننگز میں صرف 11 رنز اسکور کئے ہیں جس کی وجہ سے انھیں درجہ بندی میں دو مقامات کا نقصان برادشت کرنا پڑا ہے ۔ بولنگ فہرست میں آف اسپنر روی چندرن اشون جنھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 99 رنز دیکر صرف 3 وکٹ لئے تھے جس کی وجہ سے وہ بھی تنزلی کے بعد نویں مقام پر پہونچ چکے ہیں۔
ہندوستان رفتار اور اُچھال کے خلاف ناکام : ویاگنر
کرائسٹ چرچ ۔ 26 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں کھیلے جانے والے دوسرے ٹسٹ میں بھی فاسٹ بولروں کے خلاف سخت جدوجہد کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ چونکہ میزبان ٹیم کے فاسٹ بولر نیل ویاگنر نے کہا ہے کہ یہاں کی وکٹ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار ہے اور مہمان ٹیم رفتار اور اُچھال لیتی گیندوں کے خلاف ناکام ہوئے ہیں ۔ ویاگنر جنھوں نے اپنی پہلی اولاد کی پیدائش کی وجہ سے پہلے ٹسٹ میں شرکت نہیں کی تھی اور اس دوران انھیں بیٹی اولیویا کی خوشخبری بھی ملی ہے ، انھوں نے راؤنڈ دا وکٹ اپنی گیندوں سے ہندوستانی بیٹسمینوں کو پریشان کیا ہے ، 33 سالہ ویاگنر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی اسی حکمت عملی کو اختیار کرتے ہوئے ہفتہ کو شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میں بھی ہندوستانی بیٹسمینوں کو پریشان کریں گے ۔ ویاگنر نے مزید کہاکہ یقینی طورپر ہندوستانی بیٹسمینوں کو یہاں پریشان کن حالات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ یہ وکٹ رفتار کے علاوہ گیند کو کافی اُچھال فراہم کرتی ہے ۔ علاوہ ازیں ان حالات سے خود کو ہم آہنگ کرنے میں بھی ہندوستانی بیٹسمینوں کو دشواری ہوگی ۔