کوہلی نے کپتانی کی دوڑ میں اظہر الدین کا ریکارڈ توڑدیا

   

کولکتہ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ٹیم کو مسلسل فتوحات دلوانے والے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی آسٹریلیا کے ایلن بارڈر کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے پانچویں سب سے زیادہ کامیاب کپتان بن گئے ہیں۔ کوہلی نے یہاں ایڈن گارڈنز میں بنگلہ دیش کو دوسرے ٹسٹ میں اننگز اور 46 رنز کے فرق سے شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا ۔ کوہلی کی اپنی کپتانی میں 53 میچوں میں یہ 33 ویں فتح ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈر سے آگے نکل گئے ہیں۔ بارڈر نے 1984-94 کے درمیان 93 ٹسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی کپتانی کی تھی اور 32 ٹسٹ جیتے تھے۔کپتانی میں سب سے زیادہ ٹسٹ جیتنے کے معاملے میں کوہلی سے آگے ویسٹ انڈیز کے کلائیو لائیڈ (36 ٹسٹ جیت)، آسٹریلیا کے اسٹیووا (41) اور رکی پونٹنگ (48) اور جنوبی افریقہ کے گرائم اسمتھ (53) ہیں۔ کوہلی کی کپتانی میں ہندوستان نے 11 ویں مرتبہ اننگز سے کامیابی حاصل کی۔ مہندر سنگھ دھونی نے اپنی کپتانی میں نو ٹسٹ اننگز سے جیتے تھے۔ محمد اظہرالدین نے آٹھ ٹسٹ اور سورو گنگولی نے سات ٹسٹ اننگز کے فرق سے جیتے تھے۔ کوہلی نے اس کے ساتھ ہی مسلسل چار ٹسٹ اننگز جیت کا اظہر الدین کا ریکارڈ توڑکر نیا عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔ اظہر کی کپتانی میں ہندستان نے 1992-93 اور 1993-94 میں مسلسل تین ٹسٹ اننگز کے فرق سے جیتے تھے۔ کوہلی کی اپنی کپتانی میں یہ مسلسل ساتویں فتح ہے اور انہوں نے مسلسل چھ ٹسٹ جیتنے کے دھونی کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔ کوہلی نے ویسٹ انڈیز میں دو ٹسٹ، جنوبی افریقہ سے تین گھریلو ٹسٹ اور بنگلہ دیش سے دو گھریلو ٹسٹ جیتے ہیں۔ دھونی نے 2013 میں آسٹریلیا کے خلاف چار ٹسٹ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹسٹ جیتے تھے۔ہندوستانی رن مشین اورکپتان کوہلی نے اس میچ میں اپنی سنچری کے ساتھ کپتان کے طور پر 5000 رنز بھی پورے کر لئے اور کپتان کے طور پر سب سے تیز 5000 رن بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ اس سنچری کے ساتھ وہ ہندوستان کے مخصوص بیٹسمینوں کی جماعت میں شامل ہو گئے ہیں۔ کوہلی نے ہندوستان کے پانچ اہم ٹسٹ مراکز ممبئی، کولکتہ، چینائی، بنگلور اور دہلی میں ٹسٹ سنچری بنانے میں کامیابی حاصل کر لی۔ اس سے پہلے یہ کامیابی گنڈپا وشوناتھ، سنیل گواسکر اور سچن تندولکر کے نام تھی۔