دوبئی ۔ 11 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اوپنر کے ایل راہول آئی سی سی کی تازہ ترین ٹوئنٹی 20 درجہ بندی میں اپنا چھٹا مقام بدستور برقرار رکھنے میں کامیاب ہیں جبکہ ویراٹ کوہلی نے ایک مقام کی ترقی کے بعد نواں مقام حاصل کرلیا ہے ۔ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان منعقدہ ٹوئنٹی 20 سیریزجس میں ہندوستانی ٹیم نے 2-0 کی کامیابی حاصل کی ہے ، اس کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے اس زمرہ کی تازہ ترین درجہ بندی کا اعلان کردیا ہے۔ کے ایل راہول ہندوستانی ٹیم کے لئے سب سے اعلیٰ مقام پر فائز ہیں اور سری لنکا کے خلاف بہتر مظاہروں کے ذریعہ انھیں 26 نشانات کا فائدہ ہوا ہے اور وہ مجموعی طورپر 760 نشانات کے ذریعہ چھٹے مقام پر فائز ہیں۔ ان کے اور آسٹریلیائی آل راؤنڈر گلین میکسویل جنھوں نے سری لنکا کے خلاف 45 اور 54 رنز کی اننگز کھیلی ہے ، کے درمیان صرف چھ نشانات کا فرق ہے ۔ کوہلی ونڈے اور ٹسٹ دونوں میں پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ ٹوئنٹی 20 میں ان کا نواں مقام ہے ۔ ہندوستانی اوپنر شیکھر دھون نے ایک مقام کی ترقی کے ساتھ پندرہواں مقام حاصل کرلیا ہے ۔ سری لنکا کے خلاف سیریز میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے نودیپ سینی 146 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 98 واں مقام حاصل کرلیا ہے ۔ آئی سی سی کی ٹیموں کی درجہ بندی میں ہندوستان کو دو نشانات حاصل ہوئے ہیں جس کے باوجود وہ 260 نشانات کے ذریعہ پانچویں مقام پر فائز ہے۔ہندوستان کے خلاف شکست سے سری لنکا کو دو نشانات کا نقصان ہوا ہے۔ آئی سی سی کی ٹوئنٹی 20 درجہ بندی میں پہلے مقام پر پاکستان کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم اور ٹیموں کی فہرست میں پاکستان پہلے مقام پر فائز ہے ۔