نئی دہلی۔2 جون (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ وہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو بولنگ کرنے کے لئے بے تاب ہیں ۔ شاہ نے کہا کہ وہ کوہلی کی عزت کرتے ہیں لیکن ان سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ کوہلی اس وقت دنیا کے بہترینبیٹسمین مانے جاتے ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان کے نسیم شاہ ہندوستانی کپتان کے خلاف بولنگ کے متمنی ہیں۔دنیا کے سب سے کم عمر میں ہیٹ ٹرک لینے والے نسیم شاہ کیریئر میں بڑے چیلنجوں کا انتظار کر رہے ہیں۔10 فروری 2020 کو شاہ نے راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ میچ میں ہیٹ ٹرک لی ہے ۔ اس وقت ان کی عمر 16 سال 359 دن تھی۔حالیہ انٹرویو میں شاہ نے اپنے کیریئر کے متعلق بات کی۔انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستانی کپتان کوہلی کے ساتھ مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہلی کا احترام کرتے ہیں لیکن ان سے خوفزدہ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہمیشہ خاص ہوتا ہے اور مجھے پہلے ہی بتایا جا چکا ہے کہ ان میچوں سے کھلاڑی ہیرو یا ویلن بن سکتا ہے ۔اب چونکہ یہ مقابلے بہت کم ہوتے ہیں اس لئے یہ خاص ہوتے ہیں اورجب بھی موقع ملے گا میں ہندوستان کے خلاف کھیلنے کے لئے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہندوستان کے خلاف اچھی بولنگ کر پاؤں گا۔جب بھی موقع ملے گا میں اپنے پرستاروں کو مایوس نہیں کروں گا۔