ظہیرآباد ریلوے ٹریک کے کاموں کو بھی جلد شروع کرنے کا مطالبہ
ظہیرآباد : رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل کی ہدایت کی تعمیل کرتے ہوئے ڈیویژنل ریلوے یوزرس کنسلٹیٹیو کمیٹی ممبر شیخ فرید نے
DRUCC
کے 165 ویں اجلاس میں ویبنار کے ذریعہ شرکت کی ۔ اس موقع پر ظہیرآباد میں ریلوے انڈر برج اور پلیٹ فارم کے اُمور نیز رنجہول گرام پنچایت کے انڈر برج کے تعمیراتی کام خاص کر ظہیرآباد ریلوے اسٹیشن کے فٹ پاتھ ، تازہ پینے کے پانی کی فراہمی ، گاڑیوں کی پارکنگ کے علاوہ ٹوئلیٹ جیسے درپیش مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی کوہیر ریلوے اسٹیشن کی نئی عمارت کی تعمیر کی جانب بھی توجہ دلائی ۔ انہوں نے 2016ء میں منظورہ ظہیرآباد تا سکندرآباد نئی ریلوے ٹریک کے تعمیری کاموں کا بھی فوری آغاز کرنے کا مطالبہ کیا نیز کئی دہائیوں سے معرض التواء میں پڑے ہوئے بھوانی مندر تا شانتی نگر اوور برج کے تعمیری کاموں کی جانب بھی توجہ مرکوز کرائی ۔ انہوں نے جمعرات اور جمعہ شرڈی جانے والی ٹرینوں کو ظہیرآباد ریلوے اسٹیشن پر توقف کرانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ متعلقہ عہدیداروں نے شیخ فریدح کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کی یکسوئی کا یقین دلایا ۔