اراضی سے متعلق امور کے بشمول مختلف مسائل کا احاطہ، برقی دشواریوں پر ارکان کی برہمی
کوہیر۔ کوہیر منڈل پرجا پریشد کا سہ ماہی جنرل باڈی اجلاس صدر نشین کوہیرمنڈل بی مادھوی کی زیر قیادت دفتر منڈل پرجا پریشد میں انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر تحصیلدار کشن نے اجلاس میں بتایا کہ 500 کسانوں نے وقف گزٹ میں آئی ہوئی اراضیات کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ ان اراضیات کو وقف گزٹ سے الگ کیا جائے۔ عدالت نے ان کسانوں کی اراضیات کے لئے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان اراضیات کے مالکان کو حکومت کی مراعات دی جائے ان اراضیات کی خرید و فروخت نہیں کی جاسکتی۔ سید صدیق احمد کوآپشن ممبر نے بتایا کہ دھرانی پورٹل میں پروبیڈٹ زمرے میں آنے سے کسانوں کو اراضیات کی خرید و فروخت میں کافی دشواریاں پیدا ہورہی ہیں۔ ایک ایکر اراضی کو پروبیڈیٹ سے ہٹانے کے لئے تقریباً 50 ہزار تا ایک لاکھ روپئے خرچ آرہا ہے جس کی وجہ سے کسانوں کو شدید مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور جس کے لئے 4 تا 5 ماہ کا وقت درکار ہے۔ اس طرف فوری توجہ دیتے ہوئے ایسی اراضیات پر مقدمات ہیں اپنی اراضیات کو پروبیڈیٹ میں رکھا جائے۔ عابد طلعت ایم پی ٹی سی کوہیر نے اجلاس میں بتایا کہ محلہ سلطان واڑی شیخ واڑی وغیرہ میں برقی کھمبوں کی کمی سے برقی تار نیچے آگئے ہیں جس کی وجہ سے برقی سپلائی میں بار بار خلل پڑ رہا ہے۔ تین ماہ قبل بھی اس کی جانب توجہ دلائی گئی لیکن ابھی تک برقی کھمبوں کی تنصیب عمل میں نہیں آئی۔ یہاں کی عوام کو برقی تار نیچے ہونے کی وجہ سے شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حکومت کی جانب سے پلے پرگتی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا لیکن اس پروگرام میں بھی کوئی کام انجام نہیں دیا گیا برقی عہدیداروں کی مبینہ لاپرواہی سے کاموں میں سستی و لاپرواہی برتی جارہی ہے۔ اگرچہ برقی کی وجہ سے کوئی ناگہانی واقعہ پیش آتا ہو تو متعلقہ محکمہ ذمہ دار ہوگا۔ کوہیر منڈل میں مشن بھگیرتا کے پانی کی عدم سربراہی کی آواز آج دوبارہ اجلاس میں گونج اٹھی سرپنچوں نے بتایا کہ حکومت کروڑہ روپئے خرچ کرتے ہوئے عوام کو پانی سپلائی کرنے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے پانی سپلائی کررہی ہے۔ لیکن متعلقہ عہدیداروں کی کاہلی و سستی کی وجہ سے عوام آج بھی مشن بھگیرتا کے پانی سے محروم ہے۔ اجلاس میں ڈاکٹر راج کمار دگوال پی ایچ سی سنٹر نے مخاطب کرتے ہوئے بلا خوف و خطر کورونا ویکسین کے لئے عوام کو ترغیب دینے کی عوامی نمائندوں سے خواہش کی کیونکہ کورونا کی دوسری لہر میں ہم لوگ بہت سی جانوں کو گنوائے ہیں۔ تیسری لہر میں ہم کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک کوہیر منڈل 26491 افراد کو ویکسین دیا گیا ہے۔ کوہیر گرام پنچایت میں ویکسنیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔ آج کوہیر میں ایک دن میں 350 افراد کو ویکسین دیا گیا ہے جس میں بیشتر عوامی نمائندے شامل ہیں۔ اس موقع پر نائب صدرنشین محمد شاکر علی، محمد عبدالسمیع الدین ایم پی ٹی سی کویلی، راج شیکھر سرپنچ وینکٹا پور، رمیش مدری سرپنچ، وینکٹ رام ریڈی، منیار پلی سرپنچ، روی کرن پچارا گڑھ سرپنچ کے علاوہ سرکاری عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر اجلاس میں دیگر امور پر مباحث کئے گئے۔
