ایڈیشنل کلکٹر چندرا شیکھر سے رکن اسمبلی کے مانک راؤ کی بات چیت
کوہیر۔ 24 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ نے آج نوتشکیل شدہ کوہیر میونسپل کے علاقوں میں واقع سڑکوں اور پینے کے پانی سائیڈرین وغیرہ کا محلہ بسنت پور اور امبیڈکر چوراستہ تک پیدل دورہ کرتے ہوئے خستہ حال سڑکوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مانک راؤ نے ایڈیشنل کلکٹر چندرا شیکھر سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کوہیر کی سڑکیں حالیہ بارش سے پہلے ہی سے خستہ حال ہیں۔ اب زیادہ بارش ہونے کی وجہ سے سڑکیں پوری طرح ناکارہ ہوچکی ہیں۔ ان کی فوری مرمت کی ضرورت ہے۔ یہاں پر عوام کو راستہ چلنا دشوار ہوگیا ہے۔ ان سڑکوں پر موٹر گاڑیوں کا چلنا بھی مشکل ہے۔ کوہیر کو ایک نئی میونسپلٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ یہاں پر کوئی مستقل عہدیدار بھی نہیں ہے۔ عوام کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔ رکن اسمبلی نے مزید بتایا کہ کوہیر کے مختلف محلوں میں پینے کے پانی جیسے بنیادی مسائل ہیں، ان کو فوری طور پر حل کریں، ورنہ کوہیر میونسپل پر عوام کے ساتھ بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر نے بتایا کہ کوہیر کی تمام تر تفصیلی رپورٹ روانہ کردی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے ہر میونسپل کو 15 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں جس کے ذریعہ کوہیر میں سڑکوں کی تعمیرات اور مرمت کے کام کئے جائیں گے۔ اس موقع پر بی آر ایس قائد دیناکر کی والدہ کا انتقال ہوگیا تھا، وہاں جاکر رکن اسمبلی نے ان کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر کے نرسمہلو صدر بی آر ایس کوہیر منڈل، کلیم الدین بی آر ایس سینئر قائد، سندیپ کمار نرنجن، واجد ذبیح، اسلم زاہد، فردوس سرور وغیرہ موجود تھے۔