کویت میں کوویڈ20 کا کوئی مریض نہیں

   

کویت سٹی ۔ کویت نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی نئی تبدیل شدہ قسم کا کوئی مریض ریکارڈ پر نہیں آیا۔کویتی نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبد اللہ السند نے کہا ہے کہ کورونا کے نئے مریضوں کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ابھی تک ایسا کوئی معاملہ نہیں آیا جس میں مریض وائرس کی نئی قسم کا شکار ہوا ہو جسے کوویڈ 20 کہا جاتا ہے۔وزارت صحت نے ماہرین کی بڑی ٹیم صرف اس کام کے مختص کر رکھی ہے جو کوویڈ 20 کا تعاقب کر رہی ہے۔وزارت صحت کی ٹیمیں کئی جہتوں اور سمتوں میں کام کر رہی ہیں۔ ہم قرنطینہ مراکز کے علاوہ صحت مراکز، دواخانوں اورکورونا معائنہ مراکز میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کویت میں ویکسین مہم جاری ہے جس میں ابتدائی مرحلے میں معمر شہریوں اور غیرملکیوں کے علاوہ صحت عملے کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ویکسین بہت محفوظ ہے جبکہ وزارت کے ماہرین ویکسین لینے والوں کا معائنہ بھی کر رہے ہیں۔ویکسین لینے والوں میں ابھی تک کسی پر بھی غیر معمولی علامات نظر نہیں آئیں۔واضح رہے کہ اس وقت برطانیہ سمیت کئی ممالک کورونا کی نئی شکل سے متاثر ہیں جسے اب کوویڈ 20 کا نام دیا جارہاہے ۔