تروپتی، 6 مارچ (یو این آئی) کے کویتا، صدر تلنگانہ جاگرُتی، نے آج تروملا وینکٹیشورا مندر میں وینکٹیشورا سوامی کی پوجا اور درشن کیے ۔ کویتا اپنے شوہر انل کے ساتھ صبح مندر پہنچیں اور درشن کیے ۔ وہ جمعرات کی شام علی پیری کی سیڑھیوں سے پیدل چل کر تروملا پہنچی تھیں تاکہ اپنی ایک منت پوری کر سکیں۔ درشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں سے وہ جس ذہنی اذیت سے گزر رہی تھیں، وہ ختم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ کہتی آئی ہیں کہ سچائی، انصاف اور نیکی ان کے ساتھ ہیں، اور انہیں خوشی ہے کہ عدالت نے انہیں دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں بری کر دیا ہے ۔ کویتا نے اس بات کا بھی اشارہ دیا کہ وہ جلد ہی تلنگانہ کے لوگوں کی امیدوں کو پورا کرنے ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں وہ ایک ایسی پارٹی بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں جو ریاست کے عوام کے لیے “تلنگانہ کی اپنی پارٹی” کے طور پر کام کرے ۔