کویتا کی درخواست ضمانت پر دہلی ہائی کورٹ کا آج فیصلہ

   

حیدرآباد۔/30 جون، ( سیاست نیوز) شراب اسکام سے متعلق سی بی آئی اور ای ڈی کی جانب سے عائد کردہ مقدمات میں بی آر ایس قائد کے کویتا کی ضمانت کی درخواستوں پر دہلی ہائی کورٹ یکم جولائی کو فیصلہ سنائے گی۔ جسٹس سورنا کانتا شرما کے اجلاس پر کویتا کی ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی اور فریقین کے مباحث کے بعد 28 مارچ کو فیصلہ محفوظ کردیا گیا۔ کویتا کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ وکرم چودھری اور نتیش رانا نے بحث کی۔ موہت راؤ اور دیپک ناگر نے بھی کویتا کے خلاف عائد کردہ الزامات کو مسترد کردیا۔ سی بی آئی کی جانب سے ڈی پی سنگھ ایڈوکیٹ اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے زہیب حسین نے عدالت میں اپنا موقف پیش کیا۔ سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ دونوں نے ضمانت کی منظوری کی مخالفت کی اور کہا کہ شراب اسکام کی تحقیقات اہم مرحلہ میں ہیں اور دیگر عوامی نمائندوں اور خانگی افراد کے ملوث ہونے کا پتہ چل سکتا ہے۔ سی بی آئی کے وکیل نے کہا کہ ضمانت کی منظوری کی صورت میں تحقیقات کو متاثر کیا جاسکتا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے وکیل نے کہا کہ اسکام میں منی لانڈرنگ کی جانچ کی جارہی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور سی بی آئی کو موقف داخل کرنے کیلئے نوٹس جاری کی تھی۔ حال ہی میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے راس ایوینو کورٹ میں چارج شیٹ داخل کیا جس میں کویتا کے علاوہ دیگر ملزمین پر فرد جرم عائد کیا گیا۔ کویتا نے اپنے دو بچوں اور ان کی تعلیم و نگہداشت کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کی درخواست کی ہے۔1