انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی کارروائی ثبوت کی بنیاد پر: کشن ریڈی
حیدرآباد۔/17 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت اور بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے واضح کردیا کہ کویتا کی گرفتاری سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی اے رمیش کی بی جے پی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ رکن کونسل کویتا کے پی اے اور دیگر افراد نے گواہ معافی یافتہ کے طور پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو تفصیلات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شراب اسکام میں تحقیقات کیلئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے کویتا کو حراست میں لیا ہے اور بی جے پی کا اس کارروائی سے کوئی تعلق نہیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بدعنوانیوں میں ملوث افراد کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔ کویتا کو کہنا چاہیئے کہ وہ عدالت کے فیصلہ کو قبول کریں گی۔ بے نامی افراد کے ذریعہ شراب اسکام میں معاملت کی گئی۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ایک آزادانہ ادارہ ہے اور وہ اپنے طور پر کارروائی کرتا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں اسد اویسی کے خلاف بی جے پی کامیاب رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی ضمانتوں پر عمل آوری صرف فلیکسی اور تشہیر تک محدود ہے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔1