کُل ہند صنعتی نمائش 2022 کیلئے تیاریوں کا آغاز

   

2500 اسٹالس کا منصوبہ، این او سی کیلئے فائر اور پولیس میں درخواست
حیدرآباد۔/9 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) نمائش میدان پر حیدرآباد کی تاریخی اور روایتی کُل ہند صنعتی نمائش کا یکم جنوری 2022 کو آغاز ہوگا۔ نمائش سوسائٹی نے اس سلسلہ میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ کورونا وباء کے پیش نظر جاریہ سال جنوری میں نمائش کا اہتمام نہیں کیا جاسکا۔ نمائش سوسائٹی نے نئے ویرینٹ اومی کرون کے اندیشہ کے باوجود اپنی تیاریوں کو جاری رکھا ہے۔ ملک بھر سے اسٹالس کیلئے درخواستوں کی طلبی کے بعد درخواستوں کی جانچ کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نمائش سوسائٹی کو کافی تعداد میں درخواستیں حاصل ہوئی ہیں اور 2500 اسٹال الاٹ کرنے کی تجویز ہے۔ سوسائٹی نے نئے اسٹارٹ اَپس اور نوجوان صنعت کاروں کو الاٹمنٹ میں ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 45 روزہ نمائش میں افغانستان، ایران ، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک کی اشیاء کے ساتھ تاجرین شرکت کرتے ہیں۔ سوسائٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اکٹوبر میں منعقد کی گئی 20 روزہ منی نمائش میں بھی کوویڈ قواعد پر عمل کیا گیا۔ توقع ہے کہ اسٹالس کے الاٹمنٹ کا اندرون ایک ہفتہ آغاز ہوگا اور مقررہ وقت پر نمائش کے آغاز کا امکان ہے۔ فائر سرویسس اور پولیس ڈپارٹمنٹ کو این او سی کے سلسلہ میں درخواست دی گئی ہے۔ر