کُل ہند صنعتی نمائش حیدرآباد کے مارچ میں انعقاد کی تیاریاں

   


حکومت سے منظوری کا انتظار، کورونا قواعد کے تحت نمائش منعقد کرنے سوسائٹی کا فیصلہ
حیدرآباد۔ حیدرآباد میں کُل ہند صنعتی نمائش کے جنوری سے عدم آغاز کے نتیجہ میں مایوس عوام کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ نمائش سوسائٹی مارچ کے دوسرے ہفتہ سے نمائش کے انعقاد کا منصوبہ رکھتی ہے اور اس سلسلہ میں حکومت تلنگانہ سے اجازت طلب کی گئی ہے۔ کورونا وباء کے پیش نظر نمائش سوسائٹی نے یکم جنوری سے مقررہ صنعتی نمائش کا آغاز نہیں کیا تھا اور اسے آئندہ کیلئے ملتوی کیا گیا تھا۔ اب جبکہ تلنگانہ میں کورونا کے کیسس میں قابل لحاظ کمی واقع ہوئی ہے اور مرکزی و ریاستی حکومتوں نے قواعد میں نرمی کی ہے لہذا سوسائٹی نے مارچ کے دوسرے ہفتہ سے نمائش کے آغاز کا منصوبہ بنایا ہے۔ حکومت کی منظوری کیلئے تجویز روانہ کردی گئی اور حکومت کے جواب کا انتظار ہے۔ نمائش سوسائٹی کے سکریٹری بی پربھا شنکر نے بتایا کہ حکومت سے کلیرنس کے حصول کے ساتھ ہی مارچ میں نمائش کا آغاز کیا جائے گا۔ نمائش سوسائٹی کے صدر خود وزیر صحت ای راجندر ہیں لیکن سوسائٹی نے باقاعدہ طور پر حکومت سے اجازت طلب کی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اجازت کی درخواست کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ نمائش کے مقررہ وقت پر آغاز کی تاریخ یعنی یکم جنوری سے عین قبل وزیر صحت ای راجندر نے نمائش کے التواء کا اعلان کیا تھا۔ مرکز کی جانب سے کورونا قواعد میں 31 جنوری تک توسیع کے نتیجہ میں یہ اعلان کیا گیا۔ اب جبکہ مرکز نے تحدیدات میں کوئی توسیع نہیں کی ہے لہذا نمائش سوسائٹی مارچ کے دوسرے ہفتہ تک تیاریوں کے آغاز کے بارے میں پُرامید ہے۔ 20 ایکر پر محیط نمائش میں تقریباً 2500 اسٹالس کی اجازت دیئے جانے کا امکان ہے۔ اگر حکومت کورونا قواعد اور احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں اسٹالس میں کمی کی ہدایت دیتی ہے تو سوسائٹی اس پر عمل کیلئے تیار ہے۔ سوسائٹی کا کہنا ہے کہ تمام احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلہ کی برقراری کے ساتھ نمائش کا اہتمام کیا جائے گا۔ سوسائٹی نے پہلے ہی اسٹالس کیلئے درخواستیں طلب کرلی ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ الاٹمنٹ کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔ حکومت سے اجازت ملتے ہی اندرون دو ہفتے اسٹالس تیار ہوجائیں گے۔ نہ صرف حیدرآباد بلکہ تلنگانہ ، مہاراشٹرا ، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے کئی علاقوں سے عوام حیدرآباد کی صنعتی نمائش کے مشاہدے کیلئے پہنچتے ہیں۔