ملتان ۔ ٹسٹ کرکٹ میں پاکستانی کپتان شان مسعود کی سنچری کا انتظار بالآخر ختم ہوا۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف یہاں ملتان میں شروع ہوئے ٹسٹ میں سنچری بناکر اپنا طویل ترین انتظار ختم کردیا ۔ شان مسعود نے آخری بار سال 2020 میں ٹسٹ میں سنچری بنائی تھی۔ 5 اگست 2020 کو انگلینڈ کے خلاف سنچری بنانے کے بعد اب اس نے انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف اپنا انتظار ختم کردیا ہے۔ شان مسعود نے ٹسٹ میں 1524 دن کے بعد جو سنچری اسکور کی ہے وہ انگلینڈ کے خلاف ان کی دوسری اور ٹسٹ کیریئرکی 5 ویں سنچری ہے۔انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹسٹ میں شان مسعود کی سنچری کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے اس کی کہانی بہت تیزی سے لکھی۔ ملتان میں کپتانی کی اننگز کھیلتے ہوئے شان مسعود کا اسٹرائیک ریٹ ہمیشہ بہتر حالت میں رہا جس کا اثر پاکستان کے اسکور بورڈ پر بھی نظر آیا ۔ ٹسٹ کرکٹ میں 10 سال بعد ایسا دیکھنے میں آیا ہے کہ کسی پاکستانی بیٹر نے اتنی تیز رفتاری سے سنچری اسکور کی ہو۔ کپتان نے آوٹ ہونے سے قبل 177 گیندوں میں 13 چوکوں اور دوچوکوں کی مدد سے 151 رنز اسکور کئے۔ شان مسعود نے انگلینڈ کے خلاف دوسری بار سنچری اسکور کی ہے۔ تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ انہوں نے اپنے ہی ملک میں انگلینڈ کے خلاف سنچری بنائی۔ 2020 میں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں کھیلے گئے ٹسٹ میں 156 رنزکی اننگز کھیلی تھی ۔ ملتان ٹیسٹ میں شان مسعود نے انگلینڈ کے خلاف 102 گیندوں پر 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی اور انہیں آج ڈبل سنچری اسکور کرنے کا موقع تھا تاہم وہ اپنے بہترین ٹسٹ اسکور کو بھی پیچھے چھوڑنے سے چوک گئے ۔ ملتان ٹسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انہیں پہلا جھٹکا جلد ہی لگا کیونکہ صائم ایوب 4 رنز بناکرآؤٹ ہو ئے لیکن، اس کے بعد کپتان شان مسعود آئے اور اوپنر عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔دونوں کی شراکت میں دوسری وکٹ کیلئے 253 رنز بنے لیکن اس پارٹنرشپ کی خاص بات یہ رہی کہ رنز بنانے کی رفتار کافی تیز تھی ۔ علاوہ ازیں اوپنر شفیق نے بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 10 چوکوں اور دوچھکوں کی مدد سے 102 رنزبنائے ۔انگلش ٹیم جو کہ ٹسٹ کرکٹ میں اپنے جارحانہ کھیل کے لئے مشہور ہے لیکن آج اسے پہلی کامیابی جلد حاصل کرنے کے بعد دوسری وکٹ کے حصول کے لئے کافی جدوجہد کرنے پڑی۔پہلی وکٹ چوتھے اوور میں حاصل کرنے کے بعد دوسری وکٹ انگلینڈ کو 60 ویں اوور میںملی ۔ دن کے اختتامی اوورس میں انگلینڈ کو بڑی کامیابی ملی جیسا کہ ٹیم کے کامیاب بیٹر بابر اعظم جوکہ حالیہ عرصہ میں ناقص فام سے پریشان ہے اس مقابلے میں جلد آوٹ ہوئے ۔ بابر صرف 31 رنز بناکر آوٹ ہوئے جنہیںووکس نے ایل بی ڈبلو آوٹ کیا ۔دن کے اختتام پر سعود شکیل 35 رنز اور نائٹ واچ مین نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے ۔ پاکستان نے پہلے دن 86 اوورس کے کھیل میں 328/4 رنز اسکور کرلئے ہیں جوکہ حالیہ برسوں میں ٹیم کا بہتر مظاہرہ ہے ۔ انگلینڈ کیلئے اٹکنسن نے کامیاب بولر بنتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔