کپل دیو نے رچرڈز کا کیچ لیا، انڈیا بن گیا چمپئن، 40 سال مکمل

   

2 بار کی چمپئن ٹیم ویسٹ انڈیز ہار گئی، 2 گیند بازوں کا فائنل میں فیصلہ کن مظاہرہ، 1983ء میں یادگار فتح ملی

نئی دہلی: میدان میں مدمقابل 2 بار کی چمپئن ویسٹ انڈیز ہے اور دفاع کیلئے اسکور بورڈ پر صرف 183 رنز ہیں یعنی جیت کی امید صفر ہونے کے برابر تھی۔ اس کے باوجود کپل دیو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے لگ بھگ ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور ہندوستان پہلی بار ونڈے کا ورلڈ چمپئن بنا۔ آج ہندوستان کے عالمی چمپئن بننے کی بات کی جا رہی ہے کیونکہ اس دن یعنی 25 جون 1983 کو ہندوستان نے پہلی بار ونڈے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اس فتح کو 40 سال ہو چکے ہیں لیکن، آج بھی شاید ہی کوئی شائق کرکٹ نے کپل دیو کو انگلینڈ کے لارڈز گراؤنڈ کی بالکونی سے ورلڈ کپ کی ٹرافی لہراتے ہوئے بھولا ہوگا۔ آج ٹیم انڈیا کو کرکٹ کا پاور ہاؤس مانا جاتا ہے۔ لیکن، 80 کی دہائی میں ایسا نہیں تھا۔ ان دنوں ویسٹ انڈیز کا غلبہ تھا۔ ویوین رچرڈز، اینڈی رابرٹس، مالکم مارشل جیسے مضبوط کھلاڑی تھے۔ یہ ٹیم جہاں بھی جاتی، جیت درج کرکے لوٹتی تھی۔ 1983 ورلڈ کپ میں بھی ویسٹ انڈیز کو ہاٹ فیوریٹ سمجھا جارہا تھا۔ فائنل کا آغاز بھی کچھ اسی طرح ہوا تھا۔
کپل دیو نے رچرڈز کا کیچ لیا اور میچ کا رُخ پلٹ گیا
ویسٹ انڈیز نے ہندوستان کو 183 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا اور اس اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے ایک مرحلے پر 1 وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنا لئے تھے۔ ویوین رچرڈز اپنے انداز میں بیٹنگ کر رہے تھے اور انہوں نے 28 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے تھے۔ لیکن، میچ کا پاسا اچانک پلٹ گیا جب رچرڈز نے مدن لال کی ایک گیند پر بڑا شاٹ مارنے کی کوشش کی، گیند ہوا میں بہت اوپر گئی اور کپل دیو نے پیچھے کی طرف بھاگتے ہوئے شاندار کیچ لیا۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز کی وکٹیں گرنے لگیں اور 76 رنز کے اسکور پر 6 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔