لکھنؤ: کانگریس کے سابق لیڈر و وزیر کپل سبل نے سماج وادی پارٹی(ایس پی) کی حمایت سے اس بار پارلیمنٹ کی ایوان بالا راجیہ سبھا میں بطور آزاد رکن پہنچنے کے لئے اپنی دعویداری پیش کردی ہے ۔راجیہ سبھا میں اترپردیش سے آئندہ 04جولائی کو خالی ہورہی 11سیٹوں پر ہونے جارہے الیکشن میں سبل نے بدھ کو اپنی متوقع سیاسی پاری کے پتے کھولتے ہوئے ایس پی صدر اکھلیش یادو کے ساتھ اسمبلی پہنچ کر پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ سینئر وکیل سبل کانگریس کی حکومت میں کئی بار وزیر اور لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے رکن رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اب وہ کانگریس کے سینئر لیڈر نہیں ہیں کیونکہ وہ 16 مئی کو ہی پارٹی سے استعفی دے چکے ہیں۔ نامزدگی کے وقت سبل کے ساتھ اکھلیش کے علاوہ ایس پی کے راجیہ سبھا رکن رام گوپال یادو اور ایس پی کے ریاستی صدر نریش اتم سمیت دیگر لیڈر موجود تھے ۔