کپواڑہ میں انکاؤنٹر، پانچ سکیورٹی ملازمین ہلاک

   

سرینگر 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں 56 گھنٹہ تک جاری رہنے والے خوفناک انکاؤنٹر میں بشمول ایک سی آر پی ایف افسر سکیورٹی فورسیس کے پانچ ملازمین اور دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے ترجمان نے کہاکہ کپواڑہ کے علاقہ بابا گنڈ میں کئی گھنٹوں تک انکاؤنٹر جاری رہا۔ اس علاقہ کے ناہموار ہونے کے سبب سکیورٹی فورسیس کو کئی دشواریاں پیش آئیں۔ یہ انکاؤنٹر جمعہ کی صبح شروع ہوا تھا جس میں سکیورٹی فورسیس نے دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔ جن کی نعشیں مقام واقعہ سے برآمد کرلی گئی ہیں۔ ان کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کا پتہ چلایا جارہا ہے۔ ترجمان نے مزید کہاکہ سی آر پی ایف کا ایک جوان شیام نارائن سنگھ یادو جمعہ کو فائرنگ کے تبادلہ میں زخمی ہوگئے تھے، اتوار کو دوران علاج جانبر نہ ہوسکے۔ جس کے ساتھ ہی سکیورٹی فورسیس کے مہلوکین کی تعداد پانچ ہوگئی ہے جن میں سی آر پی ایف کے انسپکٹر بنٹو اور کانسٹبل وجود اور دو کانسٹبلس سلیکشن گریڈ کانسٹبلس نصیر احمد اور غلام مصطفیٰ بارہ جمعہ کو فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ ایک عام شہری وسیم احمد میر کو انکاؤنٹر کے قریبی مقام پر گولی لگی تھی اور وہ جمعہ کو دواخانہ میں جانبر نہ ہوسکے۔