سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ کی مثالی خدمات ، 9 ویں سالگرہ کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : اللہ تعالیٰ جب کسی بندہ پر رحم کرنا چاہتے ہیں دین و دنیا میں اسے عزت سے نوازنا چاہتے ہیں اس کے درجات بلند کرنا چاہتے ہیں تب اسے خدمت خلق میں مصروف کردیتے ہیں ۔ اسے غرباء و مساکین یتیم و یسیروں ، بھوکوں ، ننگوں اور غریب ہونہار طلبہ کی مدد کا ذریعہ بنا دیتے ہیں ۔ اللہ کے ایسے ہی بندوں میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، ان کے ارکان خاندان ، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین انکے ارکان خاندان اور سیاست ملت فنڈ و فیض عام ٹرسٹ کے معزز عطیہ دہندگان شامل ہیں ۔ ضرورت مند طلبہ اور غرباء و مساکین کی مدد کے معاملہ میں مرحوم منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں کی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ واضح رہے کہ 16 اپریل 2016 کو سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ نے کپڑا بنک کی شروعات کی تھی ۔ کل جمعہ ملک میں اپنی طرز کے منفرد کپڑا بنک کی 9 ویں سالگرہ منائی گئی ۔ اس موقع پر تین لڑکیوں کو فیض عام ٹرسٹ کے ایک عطیہ دہندگان کی جانب سے بالکل نیا لباس عروسی ، چوڑیاں ، چپلیں و پرس پر مشتمل کٹس فراہم کی گئیں ۔ انہیں یہ کٹس اسی طرح دی گئیں جس طرح ماں باپ اپنے لخت جگر کو شادی کے موقع پر دیتے ہیں ۔ اپنے جذباتی خطاب میں سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے انکشاف کیا کہ مرحوم منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں کی تحریک پر کپڑا بنک شروع کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک دن ظہیر صاحب ان کے ہاں پہنچے اور کہا کہ انہوں نے آج ایک ایسے شخص کو دیکھا اور ملاقات کی جس کے جسم پر لباس تو تھا لیکن وہ بے لباس یا برہنہ لگ رہا تھا وہ اپنی گاڑی سے اترے اور اس سے بات کی تب ان کے ذہن میں خیال آیا کہ کیوں نہ ایسے لوگوں کیلئے جن کے پاس پہننے موزوں لباس نہیں ہے کپڑا بنک شروع کیا جائے ۔ دوسرے دن سے کپڑا بنک قائم کرنے تیاریاں شروع کردی گئیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کپڑا بنک کی مدد میں جہاں 1560 مقامی عطیہ دہندگان کا اہم کردار ہے وہیں کینڈا میں مقیم حیدرآبادی ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی اور فی سبیل اللہ جیسی تنظیم کا بھی اہم رول ہے ۔ عابد علی خاں آئی ہاسپٹل میں کپڑا بنک قائم ہے ۔ 9 ویں سالگرہ تقریب میں جناب رضوان حیدر نے خیر مقدم کیا ۔ صدر ہیلپنگ ہینڈ ڈاکٹر شوکت علی مرزا نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ کپڑا بنک سے ایک لاکھ چالیس ہزار 50 خاندانوں میں ملبوسات کے 6 لاکھ 80 ہزار جوڑے تقسیم کئے گئے اور 9 سال میں سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ و ہیلپنگ ہینڈ سے جملہ 47 لاکھ 51 ہزار 222 روپئے خرچ کئے گئے ۔ کپڑا بنک سے اضلاع محبوب نگر ، وقار آباد ، رنگاریڈی ، ورنگل ، عادل آباد ، نظام آباد و کاماریڈی میں ملبوسات کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے ۔ اس موقع پر تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے رکن جناب عامر اللہ نے کہا کہ ہمارے ملک میں کئی ایسے علاقہ ہیں جہاں تین تین خواتین کیلئے صرف ایک ساڑی ہوتی ہے ۔ ویسے بھی کپڑے انسان پر نفسیاتی اثر ڈالتے ہیں اور کپڑوں سے تفرقہ بھی ہوتا ہے ۔ مہمان خصوصی فاضل ذکریا نے کہا کہ سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ کی خدمات مثالی ہیں اور وہ اس نیک کام میں شامل ہونا چاہتے ہیں ۔ کپڑا بنک کی 9 ویں سالگرہ میں عطیہ دہندگان اور معززین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی جن میں ڈاکٹر حافظ شجیع الدین امام مسجد خزانہ آب دودھ باولی ، جناب تقی الدین شجیع ، جناب اصغر علی خان ، ڈاکٹر سمیع اللہ خاں ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین ، سید حیدر علی ، علی حیدر عامر ، جعفر حسین ( صدائے حسینی ) ، منور حسین ، شمیم اختر ، جناب محمد شبیر میڈیکل ہال ، سلویٰ فاطمہ پائیلٹ ، روٹرین معین و دیگر شامل ہیں ۔ ڈاکٹر مخدوم محی الدین کے شکریہ پر یہ پر اثر محفل اپنے اختتام کو پہنچی ۔
