کیلی فورنیا: کتے، چوہے یہاں تک کہ چیونٹیاں اور دیگر جانور اپنے چوٹ لگنے کے نتیجے میں اپنے زخموں کو چاٹتے ہیں لیکن ایسا کرنے سے انہیں کیا فائدہ حاصل ہوتا ہے؟اس کا جواب بڑی حد تک خود کو سکون پہنچانے میں اور تھوک میں موجود شفا بخش خصوصیات میں مضمر ہے۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی، امریکہ کے ایک ریٹائرڈ جانوروں کے ڈاکٹر پروفیسر بنجامن ہارٹ کہتے ہیں کہ جانوروں میں زخم چاٹنے کا عمل قدرتی طور پر ان میں پایا جاتا ہے۔ڈاکٹر نے بتایا کہ بہت ممکن ہے کہ چاٹنے سے ان جانوروں میں جلن اور درد کم ہوتا ہو اور زخموں کو تیزی سے مندمل ہونے میں بھی مدد ملتی ہو تاہم کتوں اور دوسرے پالتو جانوروں میں یہ جبلت نقصان دہ بھی بن سکتی ہے خاص طور پر جب زخموں کے بہتر علاج دستیاب ہوں۔