کچھ لوگ بنگلہ دیش کے دورہ ٔ ہند کو سبوتاج کرنے کے خواہاں

   

ڈھاکہ ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظام الحسن نے الزام لگایا ہیکہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے دورہ ہندوستان کو کچھ لوگ مسلسل سبوتاج کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس میں کھلاڑیوں کے 11 نکاتی مطالبات کے ذریعہ ہڑتال کرنا بھی شامل ہے۔ بنگلہ دیشی کرکٹرس نے بورڈ کی جانب سے ان کے مطالبات کو تسلیم کرنے جس میں خاص کر بین الاقوامی اور گھریلو سطح پر کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافہ بھی شامل ہے، کے ساتھ دیگر مطالبات کو بھی قبول کیا ہے اور یہ ہڑتال ہندوستان کے دورہ پر تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں اور دو ٹسٹ مقابلوں کے شروع ہونے سے چند دن قبل ہوئی تھی۔ بنگالی روزنامہ پروتھم آلو سے اظہارخیال کرتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظام الحسن نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ آپ نے دورہ ہند کے متعلق ابھی کچھ نہیں دیکھا ہے تھوڑا انتظار کریں اور دیکھیں۔ اگر میں کہوں کہ ہندوستان کے دورہ کو سبوتاج کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس کے متعلق مجھے خاص معلومات حاصل ہوئی ہیں، تو آپ مجھ پر بھروسہ کریں گے۔ اب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اس طرح کیوں سوچتے ہیں تو انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح تمیم اقبال نے دورہ ہند سے اپنی اہلیہ کے حاملہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے دستبرداری اختیار کی حالانکہ انہوں نے ابتداء میں صرف یہ کہا تھاکہ وہ آخری ٹسٹ میں شرکت نہیں کر پائیں گے لیکن وہ اب مکمل دورہ سے دستبردار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمیم نے ابتداء میں ان سے کولکتہ میں 22 تا 26 نومبر کھیلے جانے والے ٹسٹ سے دوسری اولاد کی پیدائش کی وجہ سے دستبردار ہونا چاہتے ہیں لیکن اب پورے دورہ سے ہی دستبردار ہوچکے ہیں۔ جب میں نے ان سے پوچھا کہ وہ پورے دورہ سے دستبردار کیوں ہورہے ہیں تو انہوں نے صرف اتنا کہا کہ وہ ہندوستان کا دورہ نہیں کرنا چاہتے۔ بنگلہ دیشی ٹیم 30 اکٹوبر کو نئی دہلی پہنچے گی لیکن اس سے قبل چند مزید کھلاڑیوں کے دورہ سے دستبردار ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام کے واقعہ کے بعد مجھے اب یہ دیکھ کر حیرت نہیں ہوگی کہ دورہ سے چند گھنٹے قبل کوئی اور بھی دستبرداری اختیار کرسکتا ہے۔ نظام الحسن نے کہا ہیکہ میں ابھی تک یہ یقین نہیں کرپا رہا ہوں کہ ایسا کیوں ہورہا ہے۔ میں روزانہ ان سے تبادلہ خیال کررہا ہوں۔ نیز انہوں نے ہڑتال کرنے سے پہلے مجھے اس کا اشارہ تک بھی نہیں دیا۔ صدر کے بموجب شاید ان کی یہ غلطی ہیکہ انہوں نے کھلاڑیوں کے تمام مطالبات مان لئے ہیں اور شاید مجھے ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔ واضح رہے ان دنوں بنگلہ دیشی کرکٹ کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان اختلافات کی وجہ سے بحرانی صورتحال کا شکار ہے۔
ہند۔بنگلہ دیش ڈے نائٹ ٹسٹ
ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میں ٹسٹ سیریز کا دوسرا مقابلہ جوکہ کولکتہ کے ا یڈن گارڈنس میں مقرر ہے اسے ڈے نائٹ ٹسٹ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ بی سی سی آئی کولکتہ ٹسٹ کو ڈے نائٹ ٹسٹ بنانا چاہتا ہے ہے دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اس ضمن میں اپنے کھلاڑیوں سے مشورے کررہا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ ہندوستان اپنا اولین ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلے گا۔