حیدرآباد 10 اگست (سیاست نیوز) کڑپہ پولیس نے سرخ صندل کی لکڑی کے بدنام اسمگلر ناگا دستگری ریڈی کو گرفتار کرلیا جو پچھلے دیڑھ سال سے گرفتاری سے بچ رہا تھا۔ ضلع ایس پی اشوک کمار نے بتایا کہ ملزم کو مخصوص اطلاع کے بعد لنکاملا جنگل میں چھاپہ مارتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ چھاپہ کے دوران سرخ صندل کی لکڑیاں دہلی منتقل کی جارہی تھیں۔ ناگا دستگری ریڈی کے علاوہ دیگر پانچ اسمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان کے قبضہ سے ایک ٹن سرخ صندل کی لکڑی اور دو گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔ یہ گینگ مبینہ طور پر لال باشاہ اور فخرالدین کی قیادت میں کام کررہے تھے جو پہلے ہی جیل میں قید ہیں۔ ضلع ایس پی کے مطابق ناگا دستگری ریڈی کے خلاف 86 سرخ صندل کی لکڑی کے اسمگلنگ کے مقدمات، 34 چوری کے مقدمات اور تین پی ڈی ایکٹس کے تحت مجرمانہ ریکارڈ ہے اس کی بیوی لالو بی کو بھی ایک ہفتہ قبل گرفتار کیا جاچکا ہے۔ (ش)