کڑپہ میں وائی ایس آر کی 73ویں یوم پیدائش تقریب

   

چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی اور ان کے افراد خاندان کی شرکت

کڑپہ۔چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج اپنے والد آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے 73 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے آبائی حلقہ پولی ویندولہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اڈوپل پایا میں واقع ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ افراد خاندان بھی موجود تھے جن میں ان کی والدہ وائی ایس وجیماں، ان کی اہلیہ وائی ایس بھارتی، بہن وائی ایس شرمیلا اور دیگر افراد خاندان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وائی ایس گھاٹ پہنچنے والوں میں کڑپہ انچارج وزیر اے سریش ، کڑپہ ایم پی وائی ایس اویناش ریڈی، ضلع پریشد چیرمین اے امرناتھ ریڈی، کڑپہ کے میئر سریش بابو، اے پی ایس آر ٹی سی کے چیرمین ملیکارجن ریڈی ، سوشیل ویلفیر کارپوریشن چیرمین پلی سنیل،ویر ہاوز کارپوریشن کے چیرمین کریم الدین کے علاوہ ضلع کلکٹر کڑپہ وجیا راما راجیو، ضلع ایس پی کڑپہ کے کے این امبوراجن اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ اس پروگرام کے بعد انہوں نے بذریعہ خصوصی ہیلی کاپٹر کڑپہ ایرپورٹ کیلئے روانہ ہوگئے۔ وہاں سے بذریعہ خصوصی طیارہ گناورم ایرپور کیلئے روانہ ہوئے۔ کڑپہ ایر پورٹ پر اراکین پارلیمان، اراکین اسمبلی ، ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں نے انہیں وداع کیا۔