سیتاپور7فروری(سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے ضلع سیتاپور کے سندنا علاقے میں ایک مکان کی تعمیر کے لئے بنیاد کی کھدائی کے دوران سونے چاندی کے سکوں والا ایک مٹکا ملاہے ۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایل آر کمار نے جمعہ کو بتایا کہ سندنا علاقے کے بھارتپور مزرعہ کورونا میں منگل کو ایک مکان کی تعمیر کے لئے مزدور بنیاد کھود رہے تھے ۔ اس دوران زمین میں گڑے ہوئے کچھ سکے و دیگر سامان برآمد ہونے کی اطلاع ملی۔پولیس نے سکے برآمد کر لئے ہیں۔کھدائی کے دوران ملی ملکیت پوری طرح سے واپس کی گئی ہے یا نہیں اس کی جانچ کرائی جارہی ہے ۔پولیس نے مقامی افراد اور مزدوروں کے بیان درج کئے ہیں۔ برآمد کئے گئے سکوں کے علاوہ اگر کسی کے ذریعہ کوئی چیز چھپائی گئی ہے تو اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔اب تک 21 سکے برآمد کئے جاچکے ہیں۔ آٹھ سکے کھدائی کے دن ہی جمع کرائے گئے تھے وہیں جمعہ کو 13 مزید سکے جمع کرائے گئے ہیں۔دلچسپ ہے کہ کھدائی کے دوران گڑا ہو اخزانہ پاکر مالک مکان اور مزدور کسی سے جھوم اٹھے لیکن جب تقسیم کرنے کے باری آئی تو مزدوروں اور مکان مالک میں بحث ہوگئی اور اس کی اطلاع پولیس کو لگ گئی۔